غزہ سول ڈیفنس کے مطابق وسطی غزہ سٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ گزشتہ رات اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں متعدد حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان کی بازی ہارگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے کاروں اور گھروں کو نذر آتش کیا، ہلال احمر کی ایمبولینسوں پر گولیاں چلائی گئیں اور شہر پر فضائی حملے کیے گئے۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 33 ہزار 634 فلسطینی شہید جبکہ 76 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب مغربی کنارے پر بھی انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وسطی مغربی کنارے کے ایک قصبے میں یہودی انتہا پسندوں کی جانب سے کیے گئے حملوں میں ایک فلسطینی نوجوان شہید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے فلسطینیوں کی متعدد املاک کو بھی نذر آتش کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی مغربی کنارے کے متعدد حصوں پر چھاپے مار کر فلسطینیوں سے تفتیش کی گئی۔
اسرائیل میں کشیدگی برقرار ہے اور فوج ایران کی جانب سے متوقع حملے کے لیے ہائی الرٹ پر ہے جس سے غزہ پر جنگ کو علاقائی تنازع میں بدلنے کا خطرہ ہے۔