’سہیل احمد گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں‘ آفتاب اقبال اور سہیل احمد آمنے سامنے، سوشل میڈیا پر دلچپسپ تبصرے

پیر 15 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف ٹی وی میزبان آفتاب اقبال نے اداکار و کامیڈین سہیل احمد کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آفتاب اقبال نے اپنے یوٹیوب چینل پر سہیل احمد کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امان اللہ اور سہیل احمد کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ جواب ہے جو میں کامیڈین سہیل احمد کو دینا نہیں چاہتا تھا کیونکہ ان کے ساتھ میرے بہت اچھے دن گزرے ہیں، ان کے ساتھ میں نے اپنے پیشہ وارانہ سفر کا آغاز کیا تھا وہ بہت بڑے اداکار ہیں اس لیے ان کے بارے میں بات کرتے ہوئے تھوڑا سا پریشان ہوں کہ کہیں ایسی بات نہ کہہ دوں جس پر بعد میں محسوس ہو کہ یہ نہیں کرنی چاہیے تھی۔

آفتاب اقبال نے کہا سیاستدانوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے میں ایک لمحے کو بھی نہیں چوکتا کیونکہ ان پر اثر نہیں ہوتا لیکن اداکار اور فنکار جتنے بڑے ہوتے ہیں اتنے ہی حساس بھی ہوتے ہیں۔ سہیل احمد نے میرے بارے میں بہت باتیں کیں جو میں سہہ گیا کیونکہ میں نہ فنکار ہوں نہ اداکار۔ میں اتنا حساس نہیں ہوں جتنے سہیل احمد ہیں۔

ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ سہیل احمد اداکار احمد علی کے بٹ کے پوڈکاسٹ میں سیخ پا ہو گئے، احمد بٹ نے چھوٹی سی بات پوچھی کہ آفتاب اقبال کہتے ہیں کہ امان اللہ پاکستان کے نمبر ون کامیڈین ہیں اور دوسرے نمبر پر سہیل احمد ہیں تو کیا آپ کو اس بات پر کوئی شک ہے یا کہہ دیں کہ میں آفتاب اقبال کی اس بات سے متفق نہیں ہوں۔

آفتاب اقبال نے کہا کہ انہوں نے صرف امان اللہ سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ ہر کسی کی اپنی پسند ہوتی ہے، آفتاب اقبال کا کہنا حُرفِ آخر نہیں ہے، یہ سہیل احمد کے اندر کا خوف ہے جو آفتاب اقبال سے ہمیشہ مرعوب رہتے ہیں۔ سہیل احمد کی گفتگو میں بہت زیادہ تحقیر تھی۔ انہوں نے سوال پوچھا کہ وہ 2 کامیڈینز کا ایک دوسرے سے موازنہ کیوں نہیں کرسکتے؟ اگر سہیل احمد کرسکتے ہیں تو کیا ان میں سرخاب کے پر لگے ہوئے ہیں ؟

امان اللہ بہت بڑے فنکار ہیں آپ کا اور ان کا مقابلہ نہیں، آپ ایکٹر ہیں آپ کو لائن دی جائے تو آپ پرفارم کرتے ہیں جبکہ مشاہدہ امان اللہ پر ختم ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ آفتاب اقبال کو سہیل احمد کی باتوں کا جواب نہی دینا چاہیے تھا، سہیل احمد اسٹیج کا تیسرے درجے کا کامیڈین ہے لکی ڈیئر کی کامیڈی سہیل احمد سے بہتر ہوتی ہے، ان کو جنید سلیم کا شکرگزار ہونا چاہیے جنہوں نے اسے ٹی وی اسکرین کا بڑا نام بنا دیا۔

عاصمہ جہانگیر لکھتی ہیں کہ آفتاب اقبال نے بہت عمدہ انداز سے سہیل احمد  کوآئینہ دکھایا ہے یہ انسان گرگٹ کی طرح رنگ بدلتا ہے، انہوں نے سہیل احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنے پاؤں زمین پر رہنے دیں۔

ایک ایکس صارف لکھتے ہیں کہ آفتاب اقبال کی یکطرفہ ویڈیو کے باوجود سہیل احمد درست محسوس ہو رہے ہیں۔ آفتاب اقبال کامیڈین سہیل احمد پر تنقید کر کے شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹیج اور ٹی وی کی دنیا کے معروف کامیڈین سہیل احمد نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی میزبان آفتاب اقبال بہت مغرور قسم کے شخص ہیں، وہ خود کے علاوہ کسی کی عزت نہیں کرتے جب کہ دعویٰ کرتے رہتے ہیں کہ انہوں نے سب کو کامیاب بنایا۔

میزبان نے جب انہیں بتایا کہ آفتاب اقبال کا کہنا ہے کہ مرحوم امان اللہ سب سے بڑے کامیڈین تھے اور وہ دوسرے نمبر پر آپ کو رکھتے ہیں، اس پر سہیل احمد کا کہنا تھا کہ وہ کون ہوتے ہیں کسی کو نمبر دینے والے؟ کامیڈین کا کہنا تھا کہ آفتاب اقبال اپنی رائے دیتے ہوئے یہ کہہ سکتے ہیں کہ امان اللہ انہیں سب سے اچھے لگتے ہیں لیکن وہ کسی کو نمبر نہیں دے سکتے۔

سہیل احمد نے بتایا کہ ایک پروگرام میں آفتاب اقبال نے ان کے نانا کے حوالے سے بھی نامناسب باتیں کیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے، وہ اپنے والدین کے علاوہ دوسروں کی عزت کرنا بھی سیکھیں، ان میں بہت غرور ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp