بلوچستان میں آسمانی بجلی اور مکانات کی چھتیں گرنے سے7افرادجاں بحق

پیر 15 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں بارش، آسمانی بجلی اور مکانات کی چھتیں گرنے سے7افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔

پرووینشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مغربی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، صوبے کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی اور مکانات کی چھتیں گرنے سے کم از کم 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، اموات سوراب، ڈیرہ بگٹی، پشین، کیچ اورلورالائی میں ہوئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں بارشوں سے10 مکانات مکمل تباہ اور 22مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے،طوفانی بارشوں کے سبب محکمہ تعلیم بلوچستان نے 2 روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے 25 اضلاع میں گزشتہ 3 روز کے دوران بارش ہوئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، سبی، ژوب، دالبندین، لسبیلہ، اورماڑہ، بارکھان اور نوکنڈی میں بارش ہوئی،سب سے زیادہ کوئٹہ میں 46 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سبی 27، ژوب اور دالبندین 19، لسبیلہ 12جبکہ اورماڑہ میں 6 ملی میٹر، بارکھان میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نوکنڈی اور پسنی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آج ژوب، شیرانی، کوہلو، لورالائی، سبی، کوئٹہ زیارت، چمن اور پشین میں مزید بارش کا امکان ہے، خضدار، قلات، نصیر آباد، ہرنائی، گوادر، تربت اور بارکھان میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp