ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا ہوگا؟

پیر 15 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، تیز بارش سے مختلف علاقوں میں طغیانی اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، ملک کے شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (بروز پیر) خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور بالائی و جنوب مغربی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

اس دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، بالائی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ ، مالاکنڈ، بالاکوٹ، کالام، دروش، سیدو
شریف، شانگلہ، ناران، کاغان کے مقامی ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ ہے۔

اتوار کے روز بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، کشمیر ،گلگت بلتستان اور زیریں سندھ کے بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، پہاڑی علاقوں بارش کے باعث سردی لوٹ آئی ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں دن بھر بارش اوربوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور کراچی کا موسم خوشگوار ہوگیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp