پنجاب کے بعد اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں بھی روٹی کی قیمت میں کمی کردی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کرتے ہوئے 16 روپے مقرر کی تھی۔ تاہم آج اسلام آباد میں بھی روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر کردی گئی۔
مزید پڑھیں
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور سیکریٹری خوراک ظریف المعانی سے مشاورت کے بعد صوبے میں روٹی کی قیمت میں 5 روپے کمی کرنے کا اعلان کردیا۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور 200 گرام روٹی کی قیمت 30 روپے ہوگی۔
وزیر خوراک نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی حکومت ہے جو لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اس قسم کے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے مزید انقلابی اور عوام دوست اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیر خوراک نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی خدمت کے حوالے سے ایک بار پھر بازی لے گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 120 گرام روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر تھی، تاہم اب سستی روٹی وزن میں 100 گرام ہوگی۔