پاکستان میں کپڑوں اور فیشن کے کئی برانڈز ہیں تاہم چند برانڈز ایسے ہیں جنہوں نے انتہائی کم وقت میں کامیابی حاصل کی اور ایسے ہی برانڈز میں ‘الکرم اسٹوڈیو’ بھی شامل ہے۔
فیشن کی دنیا میں جانے مانے مقبول کلاتھنگ برانڈ الکرم اسٹوڈیو نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس سے صارفین حیران رہ گئے اور ان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
الکرم اسٹوڈیو نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ ‘یہ ایک دور کا اختتام ہے’۔
ایک اور پوسٹ میں الکرم اسٹوڈیو کی جانب سے لکھا گیا کہ اب الکرم اسٹوڈیو کے طور پر یادوں سے بھرے دور کا دروازہ بند کرنا ہے۔ ہم نے گزشتہ 14 برس سے فیشن انڈسٹری میں بہترین صارفین اور بہترین ٹیم کے ساتھ ایک میراث قائم کی ہے۔ الکرم اسٹوڈیو کی حیثیت سے یہ ایک عظیم سفر تھا۔
اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے کسی نے کہا کہ برانڈ بند نہ کریں تو کسی نے جاتے جاتے مصنوعات پر 90 فیصد سیل لگانے کا مشورہ دیا جبکہ کئی صارفین نے کہا کہ اچھا ہوا برانڈ ختم کر رہے ہیں کیونکہ نہ آپ کے پاس اچھے رنگ ہیں اور نہ ڈیزائن۔
تاہم اگلی پوسٹ میں برانڈ نے ایک نئے دور کے آغاز کا عندیہ دیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ انتظار کریں، ایک دور کے اختتام کے ساتھ ہمیشہ ایک نئی شروعات ہوتی ہے، یہ وقت اک نئی شروعات کا ہے۔ جس سے لگتا ہے کہ الکرم اسٹوڈیو اپنی ری برانڈنگ پر کام کررہا ہے اور نام کی تبدیلی کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ الکرم اسٹوڈیو خواتین و مرد حضرات کے لیے روزمرہ پہنے جانے والے ملبوسات سے لے کر قیمتی ڈریسز، جیولری اور گھریلو استعمال کی اشیا مثلاً بیڈ شیٹ وغیرہ کی تیاری کے لیےشہرت رکھتا ہے۔