کیا ’ایپل‘ کا دور ختم ہونے والا ہے؟

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ کے تیارکردہ آئی فون کو دنیا بھر پسند کیا جاتا ہے اور لوگ ہر سال اس کے نئے ورژن کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ تاہم تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی نے غالباً لوگوں کو ایسے کئی متبادل مواقع اور سہولیات فراہم کردی ہیں کہ لوگوں کی اس فون میں دلچسپی تیزی سے کم ہورہی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں ایپل کے اسمارٹ فون کی فروخت میں تقریباً 10 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جس سے سام سنگ دنیا کی نمبر ون اسمارٹ فون کمپنی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت کے اعدادوشمار پر نظر رکھنے والی ریسرچ فرم آئی ڈی سی کے مطابق، جنوری سے مارچ 2024 کے دوران آئی فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ اس سے قبل 2023 میں ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

’بزنس انسائیڈر‘ کے مطابق، جنوری سے مارچ 2024 کے دوران دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت 7.8 فیصد اضافے سے 289.4 ملین یونٹس تک پہنچ گئی تھی جس میں کورین کمپنی سام سنگ کا مارکیٹ شیئر 20.8 فیصد جبکہ ایپل کا مارکیٹ شیئر 17.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

شیاؤمی اور ٹرانسیشن کی فروخت میں نمایاں اضافہ

دوسری جانب، چینی کمپنیاں ’شیاؤمی‘ اور ’ٹرانسیشن‘ نے بھی عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں شیاؤمی کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں 33.8 فیصد جبکہ ٹرانسیشن اسمارٹ فونز کی فروخت میں 84.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

چین میں ایپل کے کاروبار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جوکہ ’ایپل‘ کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے۔ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں چین میں آئی فون کی فروخت میں 13 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، جس کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ چین کے کئی سرکاری اداروں نے اپنے ملازمین کو آئی فون استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp