سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد بنگلا دیش کے اسپن بولنگ کوچ مقرر

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلا دیش نے پاکستان کے سابق لیجنڈری کرکٹر اور لیگ اسپنر مشتاق احمد کو اپنا نیا اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے، اس سے قبل مشتاق احمد قومی ٹیم، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا جس میں مشتاق احمد کو کوچ مقرر کیے جانے کی تصدیق کی گئی، بیان کے مطابق مشتاق احمد اپریل کے آخر میں زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز سے لے کر ستمبر میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے اختتام تک بنگلا دیشی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔

مشتاق احمد کی اس وقت 53 سال ہے، وہ اس سے قبل پاکستان، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ٹیم کی کوچنگ کرچکے ہیں، تاہم بنگلا دیش نے ورلڈکپ کی کنڈیشنز کے پیش نظر ان کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشتاق احمد نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بطور اسپن بولنگ کوچ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیشی ٹیم باصلاحیت ہے اور کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ ٹیم میں اعتماد بحال کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

مشتاق احمد کے کیریئر پر ایک نظر

مشتاق احمد نے 52 ٹیسٹ میچزمیں 32.97 کی اوسط سے 185 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 144 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی جانب سے 161 وکٹیں حاصل کیں، مشتاق احمد 1992 میں ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp