دھوم مچانے والی فلم ’امر سنگھ چمکیلا‘ کا ہیرو اصل میں کون تھا؟

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ ہفتے نیٹ فلیکس پر ہدایت کار امتیاز علی کی بائیوپک ’امر سنگھ چمکیلا‘ ریلیز ہوئی۔ امتیاز علی نے یہ فلم بھارت میں 80 کی دہائی میں مشہور ہونے والے پنجابی لوک گلوکار امر سنگھ چمکیلا کی زندگی پر بنائی ہے جنہیں جوانی میں ہی قتل کردیا گیا تھا۔

امتیاز علی اس سے پہلے راک اسٹار، تماشہ، جب وی میٹ اور لو آج کل جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔ اس فلم میں انہوں نے امر سنگھ چمکیلا کی زندگی اور گائیکی کو نہایت تخلیقی انداز میں پیش کیا ہے۔ فلم میں امر سنگھ چمکیلا کے قتل کی سازش کو بھی تفصیلی طور پر دکھایا گیا ہے۔ فلموں کے ریٹنگ کے پلیٹ فارم ’آئی ایم ڈی بی‘ پر اس فلم کو 8.2 ریٹنگ  ملی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں کون کون شامل ہے؟

فلم میں امر سنگھ چمکیلا کا کردار بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار دلجیت دوسانجھ نے ادا کیا ہے جبکہ ان کی بیوی امرجوت کور کا کردار اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے نبھایا ہے۔

اس فلم کی موسیقی آسکر ایوارڈ یافتہ معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔ فلم میں امر سنگھ چمکیلا کے اصل گانے موہت چوہان، اریجیت سنگھ ، الکا یاگنک، کیلاش کھیر اور ریچا شرما کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے ہیں اور چند نئی دھنیں بھی پیش کی گئی ہیں۔

امر سنگھ چمکیلا کی کہانی

امر سنگھ چمکیلا کو پنجابی میوزک اور گانوں کی بدولت 80ء کی دہائی میں خوب شہرت حاصل ہوئی۔ ان کا اصل نام دھنی رام تھا۔ وہ 1960 میں بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ دھنی رام کا الیکڑیشن بننے کا شوق پورا نہ ہوا تو وہ لدھیانہ میں ایک کپڑے کی مل میں کام کرنے لگے۔

دھنی رام کو میوزک اور گانے کا بھی شوق تھا اور یہی شوق انہیں اس وقت کے معروف گلوکاروں کے دیپ، محمد صادق اور شندا تک لے گیا اور 18 سال کی عمر میں وہ ان سینیئر گلوکاروں کے ساتھ گانے لگے۔ بعد ازاں، انہوں نے الگ کیریئر شروع کرنے اور اسٹیج پر ’امر سنگھ چمکیلا‘ کے نام سے جانے کا فیصلہ کیا۔

 

شروع میں امرسنگھ چمکیلا نے گلوکارہ سونیا کے ساتھ گانے گائے اور ایک البم بھی ریلیز کیا۔ انہوں نے بعد میں اپنا گروپ بنایا اور امرجوت کور کے ساتھ مل کر گانا گانے لگے۔ ان دونوں کی جوڑی پنجاب میں بے حد مقبول ہوئی جس کے بعد ان دونوں نے شادی بھی کرلی۔ چمکیلا کے گانے بھارتی پنجاب میں اس قدر مقبول ہوئے کہ انہیں بھارت کا ایلویس پریسلی کہا جانے لگا۔

متنازع شاعری اور قتل

امرسنگھ چمکیلا نے اپنی آواز اور انداز کی وجہ سے نوجوانوں میں خاصی مقبولیت حاصل کرلی تھی۔ وہ اپنے گانوں کی شاعری بھی خود ہی کرتے تھے مگر ان کی شاعری پر انتہا پسند سکھوں کو اعتراض تھا کیونکہ وہ اپنے گانوں کی شاعری میں خواتین کو قابل اعتراض انداز میں مخاطب کرتے تھے۔

امر سنگھ چمکیلا کو متنازعہ گانوں پر مسلسل دھمکیاں ملنے لگی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنا منفرد انداز گائیکی اپنائے رکھا۔ تاہم 1988 میں 27 سالہ امر سنگھ چمکیلا، ان کی بیوی امرجوت کور اور ان کے گروپ کے چند ارکان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ امر سنگھ چمکیلا نے تقریباً 10 سال تک گانے گائے۔ ان کے گائے گانے بھارت خصوصاً پنجاب میں آج بھی اتنے ہی مقبول ہیں۔

امر سنگھ چمکیلا کا خاندان

امر جوت کور سے شادی سے پہلے بھی امر سنگھ چمکیلا شادی شدہ تھے اور ان کی پہلی بیوی کا نام گرمیل کور تھا جن سے ان کی 2 بیٹیاں ہیں۔ امرجوت کور اور امرسنگھ چمکیلا کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام جیمن چمکیلا ہے اور والدین کی طرح وہ خود بھی ایک پنجابی گلوکار ہے۔

جس وقت اس کے والدین کو قتل کیا گیا، اس وقت اس کی عمر 3 برس تھی۔ جیمن کی پرورش ان کے ننھیال میں ہوئی۔ جیمن اپنی سوتیلی ماں اور بہنوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ فلم ’امر سنگھ چمکیلا‘ کے ہدایت کار امتیاز علی بھی ان سے ملاقات کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp