اداس ہیں تو 10 دن کی چھٹی لے لیں، کمپنی کی ملازمین کو انوکھی آفر

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افراتفری اور بے چینی کے اس دور میں چین کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو چین اور اطمینان فراہم کرنے کے لیے ایک ایسی انوکھی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کی خواہش یقیناً دنیا کا ہر ورکر رکھتا ہے۔ اس کمپنی نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ اگر وہ اداسی محسوس کررہے ہیں تو وہ 10 دن کی چھٹی لے کر گھر پر آرام کرسکتے ہیں۔

اس انوکھی پالیسی کا اعلان چین کی ایک ریٹیل کمپنی نے کیا ہے جس کا مقصد کام اور دیگر زندگی معمولات زندگی میں ایک توازن قائم کرنا ہے۔ ریٹیل چینی کمپنی پینگ ڈونگ لائی کے بانی اور چیئرمین یو ڈونگلائی نے اس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین اب اپنی سہولت کے مطابق 10 دن کی چھٹی کی اضافی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ یہ چھٹیاں 20 سے 40 دنوں کی سالانہ اور ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ ہیں۔

انہوں نے اپنے ملازمین سے کہا کہ ہر کسی کی زندگی میں اداسی کے لمحات آتے ہیں، لہٰذا اگر آپ ناخوش یا اداس ہیں تو آپ کام پر نہ آئیں، آپ کی ’رخصت بوجہ اداسی‘ کی درخواست کو انتظامیہ مسترد نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا ہم اپنے ملازمین کو تندرست و توانا اور مطمئن دیکھنا چاہتے ہیں جس کا کمپنی کو بھی فائدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ چین میں کام کی جگہوں پر عدم اطمینان اور بے چینی سے متعلق 2021 میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق، ملک میں 65 فیصد ملازمین کام کی جگہوں پر تھکاوٹ اور اداسی محسوس کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp