موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیش گوئی کی گئی ہے طاقتور ’ویسٹرن ڈسٹربنس‘ کے زیر اثر بارش بنانے والے بادلوں کا ایک بڑا جھرمٹ اس وقت بلوچستان کے 60-70 فیصد علاقوں میں موجود ہے اور کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں۔
بدھ کی شام یا رات تک یہ بارش برسانے والے بادلوں کا یہ سلسلہ بلوچستان کے دیگر علاقوں تک پھیل جائے گا اور سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی اس کا اثر شروع ہو جائے گا۔
کراچی میں ابتدائی طور پر بادلوں کے ایک کمزور سلسلے نے شہر کے چند علاقوں کو متاثر کیا جس کی وجہ سے چند منٹوں کے لیے بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی۔
پیشگوئی کے مطابق کراچی میں موسم گرم ہے اور درجہ حرارت 36.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جا پہنچا ہے۔
اس وقت موسم بہت گھٹن والا ہے، کراچی شہر میں بدھ کی رات دیر گئے تک بارش برسنے کے امکانات ہیں، بارش کا یہ سلسلہ 18 اور 19 اپریل تک جاری رہے گا۔
بلوچستان میں شدید بارشیں، مکانات زمین بوس ہو گئے
اس سے قبل محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق دبئی سمیت خلیجی ملکوں میں طوفانی بارشوں کا سبب بننے والے موسمی نظام نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بھی تباہی مچائی ہے۔
گوادر، پسنی، اورماڑہ اور جیونی میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث متعدد کچے مکانات گرگئے اور مقامی آبادی زیر آب آ گئی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق طوفانی ہواؤں سے درخت بھی اکھڑ گئے جب کہ پہاڑوں سے آنے والے ریلوں سے کئی سڑکیں بہہ گئی ہیں اور متعدد دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔
ادھر قلات اور ہرنائی سمیت وسطی بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ چمن اور شمالی بلوچستان کے دیگر علاقوں بھی شدید بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مزید بارشیں ہوں گی اور یہ سلسلہ 18 اپریل تک جاری رہے گا۔