پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی۔20 سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے ملاقات کی ہے۔ اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر وہاب ریاض اور ہیڈ کوچ اظہر محمود نے بھی شرکت کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر محسن نقوی نے قومی ٹیم کے آفیشلز کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔
مزید پڑھیں
محسن نقوی نے لکھا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے حوالے سے قومی ٹیم کے عہدیداروں سے بات چیت ہوئی ہے۔ تاہم اس ہائی پروفائل اجلاس کا ایجنڈا ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی۔20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 18 اپریل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لیکن سیریز کے پہلے 3 ٹی۔20 میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی شدید بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ 18 اپریل کو جب پہلا ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا تو دن کے وقت 60 فیصد اور رات کے وقت 80 فیصد بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 اپریل کو بارش کا امکان بڑھ کر 84 فیصد ہو جائے گا ، لیکن 21 اپریل کو یہ کافی حد تک کم ہو کر 20 فیصد رہ جانے کا امکان ہے۔ دونوں ٹیمیں 25 اور 27 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھی سیریز کا میچ کھیلیں گی۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان کے قومی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، صائم ایوب، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان(وکٹ کیپر)، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، عباس آفریدی، ابرار احمد، فخر زمان، عرفان خان نیازی، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔
ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لسٹر، کول میک کونچی، جمی نیشم، ول او روکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ایش سودھی، ٹام بلنڈل اور زیک فولکس شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ۔20 سیریز کا شیڈول
18 اپریل – پہلا ٹی ۔20 میچ، راولپنڈی
دوسرا ٹی۔20 میچ 20 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا
21 اپریل – تیسرا ٹی۔ 20 میچ بھی راولپنڈی میں کھیلا جائے گا
25 اپریل – چوتھا ٹی۔20 میچ، لاہورقذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
27 اپریل – پانچواں ٹی۔20 بھی لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کیھلا جائے گا