ن لیگ کے زیادہ تر لوگ چاہتے ہیں نواز شریف پارٹی صدر نہ بنیں، محمد زبیر

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے زیادہ تر لوگ نہیں چاہتے کہ نواز شریف پارٹی صدر بنیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف بہت بڑے لیڈر ہیں، وہ اس مینڈیٹ کے ساتھ حکومت لینے کے حق میں نہیں تھے۔

محمد زبیر نے کہاکہ 2018 کے بعد مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ نہیں ملا، الیکشن میں فارم 45 کی بنیاد پر ہی فارم 47 بھی بننے چاہییں تھے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست بالکل مختلف ہے، شہباز شریف کا بیانیہ نواز شریف کے بیانیے سے نہیں ملتا۔

محمد زبیر نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو الیکشن میں جو ووٹ پڑا وہ نواز شریف کی وجہ سے ہی پڑا ہے اور اسی لیے ان کو وطن واپس بلایا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف وفاق میں ہونے والی فیصلہ سازی میں شامل نہیں، البتہ پنجاب میں ان کا کردار ضرور ہے کیونکہ ان کی بیٹی وزیراعلیٰ ہے۔

واضح رہے کہ محمد زبیر مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماؤں میں شامل ہیں، اور وہ مستقبل میں شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں بننے والی پارٹی میں جانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp