پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد سے نمازیوں کے جوتے چوری، ’سہولتکاری کس نے کی‘؟

جمعہ 19 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پارلیمنٹ ہاؤس میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی جہاں نماز جمعہ کے بعد مسجد سے متعدد نمازیوں کی جوتیاں چوری ہو گئیں۔

مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے متعدد صحافیوں اور قومی اسمبلی کے عملے کی جوتیاں چوری کرلی گئیں۔ متاثرہ نمازی مسجد سے ننگے پاؤں روانہ ہوئے۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

صحافی آصف بشیر چوہدری نے لکھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں چور گھس آئے، مسجد سے نمازیوں کے جوتے چرا لیے گئے، سیکیورٹی اور کیمرے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کل ہی صدر زرداری نے سخت سیکیورٹی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

ثاقب بشیر نے سوال کیا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں آخر چور کیسے گھس گئے؟

ساجد بھٹی نے طنزاً لکھا کہ جو ووٹ چوری کر سکتے ہیں ان کے لیے جوتے چوری کرنا کون سا بڑی بات ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ جوتے مہنگے ہوں گے سب چوروں کے تو مزے ہو گئے ہوں گے۔

ایک ایکس صارف نے سوال کیا کہ پارلیمنٹ میں چوروں کے گھسنے میں سہولت کاری کس نے کی؟

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نوٹس لے لیا

دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد سے جوتیاں چوری ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیکیورٹی عملے  کی ناکامی کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق جن سیکیورٹی اہلکاروں کی وہاں ڈیوٹی تھی وہ موجود نہیں تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے چور کا پتا چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp