پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی۔20 سیریز کے دوسرے میچ میں شاہینوں نے کیویز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کا 91 رنز کا ہدف 12.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔
مزید پڑھیں
نیوزی لینڈ کے 91 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ ہی 4 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب صائم ایوب کو بن لسٹر نے اپنی ہی گیند پر محض 4 رنز پر کیچ لے کر پویلین بھیج دیا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم 14 رنز بنا کر کیوی کپتان مائیکل بریسویل کی گیند پر ٹم سیفرٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ 56 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان 7 رنز پر ایش تودھی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
پاکستان کی طرف سے سب سے عمدہ اننگز وکٹ کیپر محمد رضوان نے کھیلی، انہوں نے 1 چھکے، 4 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 45 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، عرفان خان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 18 رنز اسکور کیے، وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بین لسٹر، مائیکل بریسول اور ایش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم کے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دینا درست فیصلہ ثابت ہوا، جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 18.1 اوورز میں ہی 90 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح پاکستان کو جیت کے لیے 91 رنز درکار ہیں۔
ہفتہ کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی۔ 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ شدید بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
ہفتہ کے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ۔20 میچ میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 16 کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئی جب ٹم سیفرٹ 12 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 22 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹم رابنسن 4 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی تیسر وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈین فاکس کرافٹ13 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 49 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارک چیپ مین19 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد کی گیند صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پر گری جب جیمز نیشم صرف ایک رنز بنا پائے تھے کہ ابرار احمد کی گیند پر شاداب خان نے ان کا کیچ پکڑ کر پویلین واپس بھیج دیا۔
چھٹی وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری جب مائیکل بریسویل 4 رنز پر شاداب خان کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 76 کے مجموعی اسکور پر گری جب کول میک کونچی 15 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 79 کے رنز پر گری جب ایش سودھی 8 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری جب بین سیئرز3 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈوفی ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 8 رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی دسویں وکٹ 90 کے مجموعی اسکور پر گری جب بن لسٹر کو ایک رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے کلین بولڈ کر دیا۔
پاکستان کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ شاہین شاہ آفریدی نے کی، انہوں نے اپنے 3.1 اوورز میں 13 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 ٹی۔20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ اور خود بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان) ، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر) ایش سودھی شامل ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد شامل ہیں۔