پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے مبینہ انتخابی دھاندلی اور پولیس کی مداخلت کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر سہیل اقبال چنڑ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب رکن اعجاز عالم مسیح نے اپنی رکنیت کاحلف اٹھایا۔
اپوزیشن نے اجلاس کے آغاز میں ہی ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا معاملہ ایوان میں اٹھا دیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ دھاندلی کے خلاف ایوان کے اندر اور باہر احتجاج ہوگا۔
اپوزیشن کے احتجاج کے دوران حکومتی ارکان کی مداخلت پر ایوان میں شورشرابا برپا ہوگیا۔ حکومتی و اپوزیشن ارکان ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں پولیس کا بدتر استعمال ہوا، 3 روز پہلے پریذائیڈنگ آفیسر سے فارم 45 پر دستخط کروائے گئے،
ہمارے پولنگ ایجنٹس کو اٹھایا گیا۔
حکومتی رکن کی مداخلت پر رانا آفتاب سیخ پا
اس موقع پر جب حکومتی رکن نے مداخلت کی تو رانا آفتاب سیخ پا ہوگئے اور کہاکہ تقریباً حکومت کا کام تمام ہونے والا ہے، قبلہ درست کرلیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے تو پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، اس موقع پر حکومتی خواتین ارکان کی مداخلت پررانا آفتاب کا کہنا تھا کہ جیلیں سب نے دیکھی ہیں خیراتی سیٹوں والے نہ بولیں۔
پنجاب میں صاف و شفاف انتخابات ہوئے، وزیر حکومت مجتبیٰ شجاع الرحمان
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہاکہ پنجاب میں صاف و شفاف انتخاب ہوئے۔ اپوزیشن کا ووٹر نہیں نکلا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔
انہوں نے کہاکہ غنڈہ گردی کی مثال نارووال میں پیش گئی جہاں ہمارے کارکن محمد یوسف کو سر پر ڈنڈے مار کر شہید کردیا گیا۔
اجلاس جاری ہی تھا کہ اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کے بعد کورم کی نشاندہی کردی، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔