کورونا وائرس کہاں سے پھیلا، عالمی ادارہ صحت کے سائنسدان اہم معلومات سامنے لے آئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت سے وابستہ سائنسدانوں نے کورونا وائرس پھیلانے والے جانور کی شناخت کر لی ہے، سائنسدانوں کے مطابق ریکون ڈوگ نامی ایک ممالیہ جانور کوویڈ 19 پھیلانے کا سبب بنا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق سائنسدانوں نے چین کے شہر ووہان کی ’ہوانان سی فوڈ مارکیٹ‘ میں موجود جانوروں کے جینیاتی نمونوں کا ڈیٹا جمع کر کے تجزیہ کیا۔
سائنسدانوں نے ریکون ڈوگ نامی ممالیہ جانور کے ڈی این اے کا بھی تجزیہ کیا، اس جانور کے ڈی این اے کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ یہی جانور کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بنا۔
سائنسدانوں کا شروع سے خیال تھا کہ کورونا وائرس چین کے شہر ووہان کی وائلڈ لائف مارکیٹ سے کسی جانور کے ذریعے انسانوں میں پھیلنا شروع ہوا مگر اب تک اس کا ثبوت نہیں مل سکا تھا۔
گزشتہ سال چینی سائنسدانوں نے اس مارکیٹ میں موجود جانوروں کا جینیاتی ڈیٹا عالمی ڈیٹابیس کے لیے جاری کیا تھا۔
ریکون ڈوگ نامی ممالیہ جانور کے علاوہ دیگر ممالیہ جانداروں کے نمونوں میں بھی کورونا وائرس ملا ہے لیکن سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ ریکون ڈوگ نامی ممالیہ جانور سے ہی کورونا وائرس انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے پوری دنیا کو بری طرح متاثر کیا جس سے انسانی جانوں کے ضیاع سمیت عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔