وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب پولیس کی وردی پہن کر تقریب میں شرکت پر اٹھنے والے اعتراضات کے بعد’ پولیس ڈریس ریگولیشنز‘میں فوری ترمیمی نوٹیفکیشن سامنے آ گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خاص مواقعوں پر گورنر پنجاب یا وزیراعلیٰ مخصوص بیجز کے ساتھ پولیس یونیفارم پہن سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
محکمہ پولیس پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پرانسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب (پی ایس پی، کیو پی ایم) کی طرف سے 30 جنوری 2024 کو جاری کیا گیا پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز میں ترمیم کے عنوان سے ایک نوٹیفکیشن شیئر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس آرڈر کے آرٹیکل 10 (3) اور پولیس رولز 1934 کے آرٹیکل 4.2 (2) کے تحت دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ’ پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ کے موجودہ آرڈر محررہ 04/2021 میں مندرجہ ذیل ترامیم فوری طور پر کی جاتی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب پریڈ کا جائزہ لینے جیسے رسمی مواقعوں یا پولیس جوانوں سے خطاب، پولیس اداروں کا دورہ کرتے وقت یا ایسے کسی بھی موقع پرپولیس اہلکاروں اور فوجیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پولیس یونیفارم پہن سکتے ہیں۔
As per the 'Punjab Police Dress Regulations', the CM of Punjab, Maryam Nawaz Sharif, is entitled to wear the police uniform. This has been widely celebrated by the police personnel, who view it as a commendable show of solidarity. The Central Police Office has received hundreds… pic.twitter.com/GFtXBNSuZo
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) April 25, 2024
ترمیمی نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گورنرآف پنجاب ایسے موقع پر پولیس یونیفارم کے علاوہ ’گورنر پنجاب ‘ اپنے یونیفارم کی شرٹ اور کندھے کی پٹیوں پر چاندی سے بنے ’گورنر پنجاب‘ کے الفاظ لکھے بیجزپہن سکتا ہے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب بھی چاندی سے بنے ’وزیراعلیٰ پنجاب‘ کے الفاظ لکھے بیجز پہن سکتا ہے۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں پنجاب پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ’پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پولیس کی وردی پہننے کی حقدار ہیں۔ پولیس جوانوں نے مریم نواز کے اس عمل کا بڑے پیمانے پر جشن منایا ہے اور خوشی کا اظہار کیا ہے، پولیس جوان اسے یکجہتی کے قابل ستائش مظاہرہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سینٹرل پولیس آفس کو سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکاروں نے وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو انتہائی قابل ستائش قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتون پولیس افسران تقریب کا جشن منا رہی ہیں اور انہوں نے وردی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مختلف تصاویر شیئر کی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، جیسا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چنگ، لاہور میں منعقدہ اجلاس میں ہدایت کی ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مریم نواز شریف کے پولیس وردی پہننے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ لاہور سیشن کورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔
مریم نواز کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے ’پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر ان کو مجرم قرار دیا جائے اور مقدمہ چلایا جائے۔