گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر لالہ اسد اللہ کی گرفتاری کے لیے جانے والے اہلکاروں پر کارکنان نے حملہ کر دیا، تحریک انصاف کے کارکنوں نے انسپکٹر سمیت متعدد پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پولیس اہلکار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لالہ اسد اللہ کو گرفتار کرنے کے لیے ان کے گھر پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود کارکنوں نے بھرپور مزاحمت کی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے انسپکٹر سمیت متعدد پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
لالہ اسد اللہ کی گرفتاری کے لیے جانے والی پولیس فورس نے بھاگ کر پی ٹی آئی کارکنوں سے اپنی جان بچائی۔ پولیس کے مطابق تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کی کوشش کرنے پر مشتعل کارکنوں نے پولیس پر دھاوا بول دیا، اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
مشتعل کارکنوں کے تشدد کی ویڈیوز کارکنوں کو پولیس اہلکاروں پر تشدد کرتے واضح دیکھا جاسکتا ہے، کارکنوں نے ایس ایچ او باغبانپورہ علی حسنین اور ایس ایچ او کوتوالی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق تھانہ باغبانپورہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکٹ ہولڈر لالہ اسداللہ پاپا 9مئی کے درج مقدمہ میں مرکزی ملزمان میں بھی شامل ہیں۔