ننھی وسیم اکرم اور چھوٹی میتھالی راج

ہفتہ 27 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’نیور انڈر اسٹیمیٹ می‘ یہ ڈائیلاگ بالی ووڈ کے اسٹار سلمان خان کے بجائے سوشل میڈیا پر فٹ بیٹھتا ہے جس کی بدولت دنیا کو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے کئی اسٹارز ملے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے نہ صرف آن لائن کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے بلکہ عام اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل رہا ہے۔ کشمیر کی حرمت ارشاد اور گلگت بلتستان کی علیحہ شاہ اس کی تازہ مثالیں ہیں۔

حرمت اور علیحہ قریباً ہم عمر ہیں اور دونوں کی کہانیاں بھی ایک جیسی ہیں۔ حرمت ارشاد بٹ وادی کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے زینگیر سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا گاؤں پازل پورہ ہردو شیوا ہے۔ اسی گاؤں کے گراؤنڈ نے حرمت کو پوری دنیا میں شہرت دلا دی۔

8 سالہ حرمت اپنے بھائی اور ہم عمر بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہی تھی کہ اسی دوران وہاں کے مقامی نوجوان نے اس کی متاثرکن کرکٹنگ شارٹس دیکھ کر چھوٹا سا ویڈیو کلپ بنایا اور نیکی کر دریا میں ڈال کے تحت سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ پھر کیا تھا کہ ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ بھارت کے مہان کرکٹر سچن ٹنڈولکر سمیت کئی کرکٹر تک پہنچ گئی۔ سچن نے ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے حرمت کے ٹیلنٹ کو سراہا پھر حرمت کی قسمت جاگ گئی۔

ننھی حرمت ٹی وی اسکرینز کی زینت بنی اور کئی اداروں اور کرکٹز نے ان کی تربیت کی ذمہ داری لے لی۔ بتایا جارہا ہے کہ حرمت ارشاد کو اس کے دادا نے کرکٹ کھیلنا سکھایا۔ چونکہ پازل پورہ چھوٹی سی بستی ہے مگر ہمیشہ یہاں کے نوجوانوں میں کرکٹ جنون رہی ہے۔ یہ راقم کا پڑوسی گاؤں ہے اور یہاں کا گراؤنڈ دونوں گاؤں کا مشترکہ میدان ہے۔

مجھے یاد ہے کہ لڑکپن اور جوانی میں جب ہم بھی یہاں کرکٹ کھیلا کرتے تھے تو پازل پورہ کی ٹیم کے ہارڈ ہٹر بلے بازوں اور تیز گیند بازوں کا خوف مخالف ٹیموں پر سوار رہتا تھا۔ لڑکے محنتی اور سخت جان تھے۔ ان کی ٹیم کم وسائل میں بہترین پرفارمنس دیتی تھی۔ پازل پورہ کی ٹیم میں کوئی جے سوریا ہوتا کوئی سعید انور تو کوئی شعیب اختر جیسا منفرد گیند باز۔

حرمت پیدائشی کرکٹر ہے، اس کا بلا اے بی ڈیویلئرز کی طرح ہر طرف گھومتا ہے، لگتا کوئی میچور کھلاڑی باولرز کو دھو رہا ہے۔ حرمت کرکٹ میں بھارتی خاتون کرکٹر میتھالی راج کی طرح نام کمانا چاہتی ہے۔

حرمت کی طرح ہنزہ کی 6 سالہ علیحہ شاہ کا ٹیلنٹ بھی سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آچکا ہے۔ گوری رنگت والی ننھی شہزادی سونگ کے سلطان وسیم اکرم کی طرح گیند گھماتی ہے۔ علیحہ کا پاکستانی لیجنڈ وسیم اکرم کی طرح کا بولنگ ایکشن کرکٹر کی نظر میں آچکا ہے۔ علیحہ کا بیٹنگ ٹیلنٹ بھی کچھ کم نہیں۔

علیحہ کو آجکل خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ عین ممکن ہے کسی ادارے نے اس کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لیے ہامی بھر لی ہوگی۔ علیحہ شاہ، وسیم اکرم کو پسند کرتی ہے۔ حرمت اور علیحہ مستقبل میں دنیائے کرکٹ میں خوب نام کماسکتی ہیں اور کسی نا کسی دن دونوں آمنے سامنے بھی ہوں گی۔ پھر مقابلہ ہوگا پاکستانی بولر کا ہندوستانی بلے باز سے۔

(تحریر: مقصود منتظر)

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp