پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو 3 شہروں کے نام تجویز کردیے۔
مزید پڑھیں
پی سی بی کی جانب سے تجویز کردہ شہروں میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کا شیڈول آئی سی سی کو بھجوا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئی تھی جن سے ہماری بہت اچھی میٹنگ ہوئی، انہوں نے پاکستان میں میچز کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا تھا، ہم ان سے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا پلان بھی جلد شیئر کردیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم آئی سی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان میں ٹورنامنٹ کا انعقاد بہتر بناسکیں۔
بھارتی ٹیم کے میچز کا کیا ہوگا؟
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول پر بات چیت میں بھارت کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔
ای ایس پی این کے مطابق، شیڈول کے ابتدائی ڈرافٹ میں انڈیا کے پاکستان میں میچز سمیت تمام میچز شامل ہیں۔ عام طور پر میزبان ملک جب ڈرافٹ شیڈول آئی سی سی کو بھیجتا ہے تو اس شیڈول کو شریک ٹیموں کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے ردوبدل کے بعد حتمی شکل دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 30 سال بعد منعقد ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز آئندہ برس فروری کے وسط سے ہوگا جس کے لیے پی سی بی نے اپنے گراؤنڈز کو اپ گریڈ کرنا شروع کردیا ہے۔ پی سی بی نے گزشتہ ماہ ہی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے میزبان شہروں کے نام فائنل کرلیے تھے۔