سب کی جڑیں ہل چکیں، عمران خان اب اپنی شرائط پر مذاکرات کریں گے، علی امین گنڈاپور

منگل 30 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 8 فروری کے عوامی جواب نے سب کی جڑیں ہلا دی ہیں، عمران خان اب اپنی شرائط کی بنیاد پر بات چیت کریں گے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ کہاکہ وہ پاکستان کی خاطر سب کے ساتھ بیٹھنے اور بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے میرے سمیت 3 لوگوں کے نام فائنل کیے ہیں جو بات چیت کریں گے، آگے کی سوچ کیا ہوگی اس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کو پورا سچ بولنا ہوگا ورنہ ان کے ساتھ بات نہیں ہوسکتی کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے لیے وہ ہماری مخالف جماعتوں کی قیادت کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ ہم ایسے ملک میں ہیں جو حقیقی طور پر آزاد نہیں، سسٹم میں رہ کر دیکھا ہے کہ ہم بہت سے فیصلوں میں دوسرے ممالک کے پابند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بات چیت شروع ہوگی تو ہمارا سب سے پہلا مطالبہ یہی ہوگا کہ چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

اب عمران خان کے حکم پر نکلے تو ایسے واپس نہیں آئیں گے

انہوں نے کہاکہ اب اگر عمران خان کے حکم پر ہم احتجاج کے لیے نکلیں گے تو ایسے واپس نہیں آئیں گے لیکن عمران خان کوئی خرابی پیدا نہیں کرنا چاہتے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں اب ایسی قانون سازی ہوگی کہ لوگ کہیں گے 75 سال میں ایسا کیوں نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ میرے ساتھ جو زیادتیاں ہوئی ہیں وہ معاف کرتا ہوں لیکن میرے کارکنوں اور خواتین کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ معاف نہیں کرسکتا۔

چیف سیکریٹری اور آئی جی کو تبدیل کروں گا

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بار بار آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، ہماری مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دیدی گئیں، اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ چیف سیکریٹری اور آئی جی کو تبدیل کروں گا، وفاق کو اس کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں عدلیہ کی آزادی پر شک نہیں ہے، وہ اپنی مجبوری کا بتارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp