’مذاکرات صرف فوج سے ہوں گے‘، پی ٹی آئی کا جلد بات چیت شروع ہونے کا عندیہ

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات نہیں ہوسکتے، مذاکرات صرف فوج سے ہوں گے اور جلد ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم مذاکرات صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شروع دن سے مذاکرات کی خواہش تھی مگر دوسری طرف سے جواب نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے قید میں موجود کارکنوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے اخلاقی جرات کرتے ہوئے حکومت سے الگ ہو جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسی ملک کا صوبہ ہے اور ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب سے اقتدار سے بے دخل ہوئے ہیں انہوں نے فوجی قیادت کو نشانے پر رکھا ہوا ہے، وہ اپنی گرفتاری سے قبل جہاں عسکری قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے وہیں پر مذاکرات کی پیشکش بھی کرتے رہے۔

حال ہی میں عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مزاحمت کا جو راستہ چنا ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp