یوکرین کی 98 سالہ خاتون جنہوں نے روسی حملے سے بچنے کے لیے پیدل 6 میل کا سفر طے کیا

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوکرین کی 98 سالہ بزرگ خاتون لیڈیا لومیکووسکا کا کہنا ہے کہ انہوں نے دوسری جنگ عظیم بھی دیکھی مگر یوکرین پر روس کا حملہ اس عالمی جنگ سے کہیں زیادہ ہولناک ہے۔

لیڈیا لومیکووسکا کو اس جنگ کی شدت کا اندازہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ جب روسی فوج مشرقی یوکرین میں ان کے آبائی گاؤں اوچیریٹائن میں داخل ہوئی تو انہوں نے اور ان کے خاندان نے وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم، شدید گولہ باری کے باعث لیڈیا جلد ہی اپنے پیاروں سے الگ ہو گئیں، جس کے بعد پیروں میں چپل پہنے انہوں نے اکیلے ہی مغرب کی جانب چلنا شروع کردیا۔

لیڈیا نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا، ’میں نے ایک چھڑی اور لکڑی کا ایک تختہ لیا اور اپنا سفر شروع کیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ میری ٹانگیں خود ہی مجھے کہیں لے جارہی ہیں۔‘

لیڈیا نے اس عمر میں اکیلے ہی 10 کلومیٹر (6 میل) کا سفر طے کیا جس کے بعد انہیں یوکرینی پولیس کی مدد حاصل ہوگئی۔ یوکرینی بزرگ خاتون نے گاؤں پر روسی فوج کے حملے کے بارے میں بتایا کہ وہاں کچھ بھی نہیں بچا، سب ملیا میٹ ہوچکا۔

انہوں نے بتایا کہ روسی فوج جیسے جیسے ان کے گاؤں کے قریب پہنچ رہی تھی، گاؤں بتدریج ایک جہنم میں تبدیل ہو رہا تھا۔ روسی فوج جتنا قریب آتی، گولہ باری اتنی ہی شدید ہوتی جاتی ، جس کے باعث اپارٹمنٹ بلاکس اور مکانات آہستہ آہستہ ملبے اور مٹی میں تبدیل ہو رہے تھے۔

لیڈیا کا کہنا تھا، ’جب میں نے چلنا شروع کیا تو مجھے ایک دو بار لیٹنا پڑا۔ ایک بار تو میں توازن کھو بیٹھی اور گھاس میں گرگئی۔ مجھے نیند آرہی تھی مگر میں اس کے باوجود چلتی رہی۔‘

لیڈیا بتاتی ہیں کہ جب یوکرینی پولیس انہیں ملی تو ایک افسر نے ان سے ان کی عمر کے بارے میں پوچھا جس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ 48 یا 49 سال کی ہیں۔ لیڈیا نے قہقہہ لگاکر کہا،’اس نے مجھ پر یقین نہیں کیا۔‘

لیڈیا کو یوکرینی پولیس ایک پناہ گاہ میں لے گئی تاکہ وہ آرام کرسکیں۔ بعد ازاں لیڈیا کو ان کی پوتی سویتلانا سے ملوایا گیا۔ ان کی پوتی کا کہنا تھا، ’میں اپنی دادی کو پاکر بہت خوش ہوں، ہم انہیں کافی عرصہ سے تلاش کررہے تھے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp