9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر ہونے والے حملے کی کہانی، عملے کی زبانی

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔ اس روز ریڈیو پاکستان پشاور پر بھی مشتعل اور مسلح ہجوم نے حملہ کیا اور وہاں پر توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی ۔

مزید پڑھیں

اس حوالے سے یڈیو پاکستان پشاور کے عملے نے 9 مئی کے حالات اور واقعات بیان کیے ہیں۔ اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان پشاور محمد طفیل نے بتایا کہ 9 مئی کو جب مشتعل ہجوم نے حملہ کیا تو سب سے پہلے یاد گار چاغی کو بے دردی سے جلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مشتعل ہجوم کو روکنے کی بے شمار کوششیں کی گئیں مگر اس کے باوجود حملہ آور دیوار گرا کر اندر آگئے، شرپسندوں نے ریسپشن اور آڈیٹوریم کو آگ لگا کر مکمل طور پر جلا دیا۔

’وہ ہتھیاروں سے لیس تھے‘

محمد طفیل نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے بے دردی سے عمارت کو آگ لگاتے ہوئے لوٹ مار شروع کردی، بظاہر لگ رہا تھا کہ مشتعل ہجوم باقاعدہ حکمت عملی کے تحت حملہ آور ہوا کیونکہ شرپسند ہتھیاروں سے بھی لیس تھے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 250 سے 300 افراد ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ آور ہوئے اور وہاں نصب کمپیوٹرز، فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان کو نذر آتش کردیا۔

اسٹیشن ڈائریکٹر محمد طفیل نے کہا کہ ہم نے بارہا انہیں منع کیا اور روکنے کی کوشش کی کہ قومی ورثے کو نہ جلائیں لیکن وہ نہیں رکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے کیونکہ یہ ایک عمارت نہیں بلکہ قومی ورثے کو جلانے کا معاملہ ہے۔

’شرپسندوں کو کڑی سزا ملنی چاہیے‘

ایڈمن آفیسر ریڈیو پاکستان پشاور نے کہا کہ مشتعل افراد بڑی تعداد میں ریڈیو پاکستان کا گیٹ توڑنے میں مصروف تھے، بعد ازاں اندر آتے ہی وہ دروازے توڑنے لگے اور ساتھ ہی کیمروں کو بھی توڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آور افراد کے پاس بڑی تعداد میں اسلحہ تھا جس کے باعث ہم زیادہ مزاحمت بھی نہیں کرسکے، ان شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیئے جنہوں نے ہمارے گھر کا یہ حال کیا ہے کیونکہ ریڈیو پاکستان ہمارے گھر جیسا ہے، ہماری تمام پاکستانی نوجوانوں سے گزارش ہے کہ خدارا اپنی قوم اور اپنے ملک کی حفاظت کریں۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کیے گئے۔ اس روز پشاور میں بھی مسلح شرپسند عناصر نے ریڈیو پاکستان  پر حملہ کیا، وہاں توڑ پھوڑ کی اور اس کی عمارت کو آگ لگائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp