سانحہ 9 مئی ایک شخص کی ہوسِ اقتدار یاد دلاتا رہے گا، وزیر دفاع

منگل 7 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی ہمیشہ یہ یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے اپنے ذاتی ایجنڈے اور اقتدار کی ہوس میں وطن عزیز کی اساس پر حملہ کیا۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو جو کچھ ہوا اس کے ارتکاب کا تصور ہمارے بدترین اور ازلی دشمن بھی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے پاک فوج کی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کا نصور کسی بھی ملک اور کسی بھی حالات میں نہیں کیا جاسکتا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور عمل کرنے والوں کو قوم شناخت کرتی ہے اور ان کے چہرے پاکستانی عوام کی یادداشت میں نقش ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے نعروں اور للکاروں کی بازگشت آج بھی ہمیں اس افسوسناک دن کی یاد دلاتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ان کرداروں کی سزا کا فیصلہ آئین اور قانون کرے گا۔

خواجہ آصف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں آج عہد کریں کہ کسی بھی قیمت پر ہم کسی شخص یا گروہ کو پاک سرزمین کی آبرو کو پامال نہیں کرنے دیں گے اور اپنے محسنوں کی یادگاروں کی تکریم اور تقدس کا تحفظ کریں گے۔

’پی ٹی آئی نے خود 9 مئی واقعات والی کئی ویڈیوز بنوائیں اور شیئر کیں‘

دریں اثنا نجی ٹی وی پر ایک انٹریو میں خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی والے دن کچھ ویڈیوز پی ٹی آئی نے خود فخریہ انداز میں بنواکر شیئر کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سب پی ٹی آئی کے اپنے ورکرز تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے لیڈروں کے نام لیے بغیر سوال کیا کہ وہ لوگ کون تھے جنہوں نے 9 مئی کو کورکمانڈر ہاؤس کے باہر لوگوں کو جمع کیا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک ہجوم ہے کوئی سیاسی پارٹی نہیں۔

پی ٹی آئی لیڈروں نے 9 مئی کے خلاف بیانات جبراً دیے؟

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو لیڈر بعد میں 9 مئی کی مذمت کر کے علیحدہ ہوئے اگر ان کے کا یہ عمل زور زبردستی سے کرایا گیا تھا تو پھر انہیں اتنے عرصے بعد ان حقائق سے پردہ اٹھا دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہ اکہ یا ان افراد کو اس بات کی تردید کرنے چاہیے کہ انہیں پریس کانفرنسز کرنے پر مجبور نہیں کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp