سعودی عرب نے حج 2024 کے لیے خصوصی کارڈ جاری کردیا

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’نُسک حجاج کارڈ‘ کا اجرا کردیا جو رواں سال حج کے دوران استعمال کیا جائے گا۔

کارڈ کا اجراسعودی عرب کی حکومت کی جانب سے عازمین کے لیے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کے سلسلے کی تازہ ترین پیش رفت ہے۔

نُسک حجاج کارڈ کا مقصد آئندہ حج سیزن کے لیے آپریشنل طریقہ کار کی صلاحیت بڑھانا ہے تاکہ حج کو بہت زیادہ آسان بنایا جا سکے اورغیر قانونی طریقے سے حج کرنے کے واقعات کو کم کیا جا سکے۔اس کارڈ کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ بآسانی آٹومیٹیکلی پڑھا جاسکے۔

یہ کارڈ ورکرز کو ہر حاجی کی شناخت اور تصدیق کرنے میں سہولت اور غیر مجاز افراد کو مقدس مقامات میں داخل ہونے سے روکنے میں بھی مدد کرے گا اس طرح تمام عازمین کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے گی۔وازرت حج و عمرہ نے بتایا کہ یہ کارڈ ڈیجیٹل اور پرنٹ دونوں شکلوں میں دستیاب ہوگا، کارڈ کی پرنٹ کاپی عازمین کو ان کے متعلقہ حج مشنزیا حج کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

ڈیجیٹل کارڈ ’نُسک اور توکلنا‘ ایپلیکیشنز‘ پر بنے حجاج کے اکاؤنٹ پر دستیاب ہوگا، وزارت نے کہا کہ حجاج کو پرنٹ شدہ کارڈ پر ’کیو آر‘ کوڈ اسکین کر کے بتائی گئی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا جس کے بعد کارڈ کی ڈیجیٹل کاپی مل جائے گی۔

وزارت نے بتایا کہ یہ کارڈ حجاج کرام کے لیے وسیع پیمانے پر سہولیات فراہم کرے گا جن میں سب سے اہم متعلقہ حکام کے سامنے حاجی کی شناخت ثابت کرنا اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ حاجی کے ڈیٹا کی تصدیق کر سکیں۔یہ کارڈ حاجی سے متعلق اہم معلومات بھی فراہم کرے گا مثلاً عازم کا ذاتی ڈیٹا، پتا اور صحت کا ریکارڈ، جو اسمارٹ فون ایپلی کیشن سے منسلک ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے سعودی عرب کے اندر اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین پر زور دیا کہ وہ مقدس مقامات پر پہنچنے سے پہلے کارڈ حاصل کریں۔

اسی طرح غیر ملکی اور ملکی عازمین حج، مملکت میں آمد کے وقت سے روانگی تک اپنے سفر اور نقل و حرکت کے دوران کارڈ ساتھ رکھنے کے پابند ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp