سعودی عرب کے معروف شاعر شہزادہ بدر بن عبدالمحسن ہفتہ بتاریخ 4 مئی 2024 کو 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر سعودی عرب اور عرب دنیا کے حکام اور مشہور شخصیات نے سوگ کا اظہار کیا ہے۔
عربی شاعری میں ان کی غیر معمولی گرفت کی وجہ انہیں (لفظوں کا انجینئر) کہا گیا، شہزادہ بدر فصاحت اور فلسفیانہ بصیرت کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے، انہوں نے قریباً نصف صدی تک اپنے پرستاروں کو مسحور کیے رکھا۔ انہیں 2019 کو آرڈر آف کنگ عبدالعزیز سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
شہزادہ بدر، 2 اپریل 1949 کو پیدا ہوئے تھے، ان کا شمار عرب کے ممتاز شاعروں میں ہوتا تھا، ان کی شاعری کو اکثر خلیجی ممالک کے موسیقاروں نے نغمگیں بنایا۔ ان کی جمع کردہ تخلیقات 2022 کو ریاض میں بین الاقوامی کتاب فیسٹیول کے دوران شائع کی گئیں۔
شہزادہ بدر کے والد شہزادہ عبد المحسن بن عبد العزیز مدینہ منورہ کے گورنر رہ چکے ہیں۔
شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کی وفات جزیرہ عرب میں ان کے مداحوں کے لیے بڑے غم کی خبر ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے معروف شاعر، ادیب، مصنف شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہزادہ بدر بن عبدالمحسن کی وفات یقیناً سعودی عرب ہی نہیں پورے جزیرہ عرب میں ان کے مداحوں کے لیے بڑے غم کی خبر ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ شہزادہ بدر کا لکھا سعودی عرب کے قومی دن پر سب سے زیادہ سنا جانے نغمہ ان کی یاد ہمیشہ دلاتا رہے گا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کی قیادت، عوام اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔