پاکستان میں موسیقی کے مقبول ترین پروگرام کوک اسٹوڈیو کا پندرھواں سیزن آج کل جاری ہے، پاکستان کے پہلے کوک اسٹوڈیو کا آغاز کرنے والے با صلاحیت موسیقار روحیل حیات نے سماجی رابطوں کی سائیٹ فیس بک پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے بہت سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں بائیکاٹ مہم کے حوالے سے کوک اسٹوڈیو سیزن 15 پر کام بند کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ میرا کوک اسٹوڈیو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اپنے پیغام کے آخر میں روحیل حیات نے لکھا کہ فلسطین کو آزاد کریں۔
روحیل حیات کی اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا آغاز ہو گیا۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ کوک اسٹوڈیو واپس روحیل حیات کو دے دیا جائے، تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ اپنی تصویر ہی تبدیل کر لیں جس کے پیچھے کوک اسٹوڈیو لکھا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
ایک صارف نے لکھا کہ روحیل حیات کے جانے کے بعد میں نے کوک اسٹوڈیو کو زیادہ فالو نہیں کیا لیکن ہاں ہمیں اس کا بائیکاٹ ضرور کرنا چاہیے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا بائیکاٹ کر رہی ہے کیونکہ اب یہ صرف مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔
جہاں کئی صارفین موسیقار کی تعریف کرتے اور انہیں سراہتے نظر آئے وہیں چند صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے ان کے اس بیان کو پبلسٹی اسٹینٹ قرار دیا اور کہا کہ ایسے بیانات وہ صرف صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روحیل حیات نے سال 2008 میں کوک اسٹوڈیو کو لانچ کیا تھا تاہم 6 سیزنز بعد انہوں نے 2013 میں کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ ان کے بعد سیزن 7 سے 10 تک اسٹرنگز بینڈ نے کوک اسٹوڈیو کو سنبھالا اور 2017 میں اسے خیرباد کہہ دیا جس کے بعد علی حمزہ او زوہیب قاضی نے سیزن 11 پروڈیوس کیا تھا۔ بعدازاں روحیل حیات 2019 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں واپس آئے اور سیزن 2020 بھی انہوں نے پروڈیوس کیا تھا۔
کوک اسٹوڈیو میں روحیل حیات نے جتنے بھی سیزن پروڈیوس کیے، ان کی مقبولیت آج کوک اسٹوڈیو کے کام آ رہی ہے، روحیل حیات کے 6 کوک سٹوڈیو سیزنز نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ ان ممالک میں بھی انتہائی مقبول ہوئے تھے جہاں اردو زبان بولی جاتی ہے اور نہ ہی سمجھی جاتی ہے۔ پاکستان کے معروف بینڈ وائٹل سائنز کے سابق رکن اور باصلاحیت موسیقار روحیل حیات نے پاکستان بھر سے کلاسیکی، لوک اور پاپ موسیقی کے ستاروں کو جمع کیا اور ان کی صلاحیتوں کے مطابق کام لیا۔