کوک اسٹوڈیو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں ہو رہا ہے؟

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی موسیقی کے سب سے بڑے پروگرام کوک اسٹوڈیو کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہے۔ پاکستانی گلوکاروں کی صلاحیتیں کوک اسٹوڈیوز کے ذریعے دنیا بھر تک پہنچ رہی ہیں۔  کوک اسٹوڈیو کے کئی مشہور گانے ’کنا یاری‘، قوالی ’تاجدار حرم‘، ’آفرین آفرین‘ اور پسوڑی’ نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی تھی۔

کوک اسٹوڈیو نے اب ایک سال کے وقفے کے بعد پندرہویں سیزن کا پہلا گانا ریلیز کردیا ہے۔ سیزن 15 کا آغاز سندھی گانے ’آئی آئی‘ سے کیا گیا ہے جسے نئے گلوکار نعمان علی راجپر نے ماروی اور سائبان کے ساتھ مل کر گایا ہے۔

لیکن اب سوشل میڈیا پر کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں کئی برینڈز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، جن میں میکڈونلڈ، کے ایف سی کے علاوہ کوکا کولا، نیسلے اور دیگر برانڈز بھی شامل ہیں۔ ایسے موقع پر جب دنیا بھر میں اسرائیلی پراڈکٹس کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے صارفین کو کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا آغاز ناگوار گزرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد اس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہی ہے اور ’بائیکاٹ کوک اسٹوڈیو‘ کی مہم چلائی جا رہی ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ غزہ کے لیے کوک اسٹوڈیو کا بائیکاٹ کریں، یہ سب سے کمزور ایمان ہے اور غزہ میں اپنے لوگوں کی مدد کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔

ایک ایکس صارف کی جانب سے کہا گیا کہ بھوک اور بمباری کا سامنا کرنے والے غزہ کے مظلوم بچوں کے المیے کے باوجود کوک اسٹوڈیو پاکستان 15 ویں سیزن کا آغاز کر رہا ہے۔ غزہ کے مصائب کے ساتھ یکجہتی کی علامت بن کر کوک اسٹوڈیو کا بائیکاٹ کرنے کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ فلسطین آزاد ہو گا۔

قیصر احمد راجہ لکھتے ہیں کہ ہم بڑے پیمانے پر کوک اسٹوڈیو کے بائیکاٹ کی کال دیں گے۔

ایک ایکس صارف لکھتی ہیں کہ شاید کوکاکولا برانڈ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے لیکن کوک اسٹوڈیو پاکستان کا ہے اور یہ ایک میراث ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 15 مقامی فنکاروں کے لیے خود کو عالمی سطح پر منوانے کا ایک پلیٹ فارم ہے اس لیے غلط وجوہات کی بنا پر بائیکاٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو 15 میں مجموعی طور پر 11 گانے ریلیز کیے جائیں گے اور امکان ہے کہ پنجابی، پشتو، بلوچی اور سرائیکی میں بھی گانے پیش کیے جائیں گے۔ اس سے قبل کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا آغاز جنوری 2022 میں کیا گیا تھا اور اس کا آخری گانا مارچ کے اختتام پر جاری کیا گیا تھا اور اس میں مجموعی طور پر 13 گانے ریلیز کیے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp