گاڑیوں کے بعد پاکستان میں موبائل فونز بھی سستے، قیمتوں میں کتنی کمی ہوئی؟

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں اکثر سننے کو ملتا ہے کہ قیمتیں ایک بار بڑھ جائیں تو کم نہیں ہوتیں لیکن یہ بات اب غلط ثابت ہونے لگی ہے کیوں کہ پہلے کم ہوئیں گاڑیوں کی قیمتیں اور اب موبائل فون کے بڑے برانڈز نے بھی اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

اس حوالے سے تفصیل جاننے کے لیے ہم نے رخ کیا کراچی کے تجارتی مرکز صدر کا جہاں واقع موبائل مارکیٹ کے بارے میں مشہور ہے کہ دنیا کے ہر برانڈ کا فون یہاں اصل حالت اور اصل قیمت میں تھوڑی دیر کی تلاش کے بعد مل ہی جاتا ہے۔

موبائل فون کے کاروبار سے 33 برس سے منسلک محمد حامد کے مطابق سام سنگ، ریوو، اینفنکس سمیت تمام برانڈز نے اپنی قیمتیں کم کردی ہیں لیکن شہریوں کو اس پیش رفت کا خاطر خواہ علم اس لیے نہیں کہ وہ اس مارکیٹ کے بجائے کہیں اور سے موبائل لیتے ہیں جو پرانے ریٹس میں موبائل بیچتے ہیں، جبکہ اس مارکیٹ میں آپ کو کرنٹ ریٹ پر موبائل فونز مل جاتے ہیں۔

قیمتوں میں کتنی کمی آئی ہے؟

محمد حامد کے مطابق اس وقت موبائل فون کی قیمتوں میں 20 ہزار روپے تک کمی ہو چکی ہے اور یہ قیمتیں مزید کم ہونے جا رہی ہیں اور یہ اس لیے ہے تاکہ صارفین موبائل خریدسکیں۔

موبائل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ؟

ان کا کہنا تھا کہ قیمت کم کرنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ موبائل کی فروخت خاصی حد تک کم ہو گئی تھی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شہریوں نے موبائل خریدنا چھوڑ دیے تھے۔

’میڈ ان پاکستان‘ موبائل خریدیں

محمد حامد کے مطابق اس وقت آئی فون کے علاوہ تمام برانڈز بشمول سام سنگ پاکستان میں تیار کیے جارہے ہیں۔ ’ایک تو یہ موبائل اپنی قیمت میں مناسب ہیں دوسرے ان کی وارنٹی بھی زیادہ ہے، اس لیے میڈ ان پاکستان خریدیں جو بہترین کوالٹی میں دستیاب ہیں۔‘

ایک اور نوجوان تاجر عمیر اسلم نے وی نیوز کو بتایا کہ جو موبائل فون 35 سے 40 ہزار روپے کا فروخت ہو رہا تھا وہ اب 20 ہزار روپے میں دستیاب ہے، ان کے نزدیک یہ طلب اور رسد کا معاملہ ہے۔

’پہلے ڈالرز کی قلت کے باعث ایل سیز نہیں کھل رہی تھیں اور سامان نہیں منگوایا جارہا تھا مگر اب صورتحال یہ ہے کہ طلب سے زائد مال یا سامان دستیاب ہے جس کے باعث قیمتیں کم ہورہی ہیں۔‘

کون سا موبائل فون ایک لاکھ روپے سے زائد سستا ہوگیا؟

کراچی موبائل مارکیٹ کے سام سنگ ریٹ لسٹ کے مطابق ماڈل ایس 22 الٹرا 4 لاکھ 25 ہزار روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہا ہے، گیلکسی زیڈ فولڈ کی قیمت میں 80 ہزار روپے تک کمی ہوئی ہے، ڈیلرز کے مطابق سام سنگ سمیت تمام برانڈز کافی حد تک سستے ہو چکے ہیں، جن کی قیمتوں میں مزید کمی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp