صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 9مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا ہے، پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے ہیں۔
9مئی کے موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9مئی کے حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی، ادارے کمزور کرنے کی کوشش تھے، 9مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں
صدر مملکت نے کہا کہ پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئے ہیں، لیکن 9مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا۔
انہوں نے کہا کہ مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا جس کے باعث ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے بھی 9مئی سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ 9مئی کا دن بھی ملکی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن ہے، قائد کے گھر، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 9مئی کو فسطائیت مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش کی گئی، 9مئی قابل مذمت واقعات کس کے اکسانے اور کس کی ایما پر کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 9مئی کے واقعات پر مٹی پاؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا، سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔