عارف علوی اڈیالہ پہنچ گئے، تاخیر کی وجہ کیا رہی؟

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق صدر پاکستان عارف علوی عہدہ صدرات سے سبکدوشی کے بعد بالآخر عمران خان سے ملاقات کرنے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔ اس وقت اڈیالہ جیل میں عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے اہم ترین ملاقات جاری ہے۔ اس ملاقات میں سابق صدر عارف علوی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی اور عامر ڈوگر ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔

سابق صدر عارف علوی ابتک عمران خان سے ملنے کیوں نہیں گئے؟

صدارت کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈاکٹر عارف علوی منظر سے بلکل غائب ہیں، کسی کا کہنا تھا وہ کہ ملک چھوڑ چکے ہیں، جب کہ کوئی کہ رہا تھا کہ وہ تنقید سے بچنے کے لیے چھپ کر بیٹھے ہیں، کچھ لوگوں کا ماننا تھا کہ ایک آئینی عہدہ چھوڑنے کے بعد شاید اس طرح فعال نہیں ہو سکتے جس طرح صدر بننے سے پہلے تھے، لیکن ایک سوال یہ بھی اٹھ رہا تھا کہ عارف علوی ابتک عمران خان سے ملنے کیوں نہیں گئے اور کیا مستقبل میں انکا جیل میں خان صاحب سے ملنے کا ارادہ ہے؟ ان سوالوں کے جواب کے لیے وی نیوز نے پی ٹی آئی سندھ کے سرگرم رہنماؤں سے رابطہ کیا۔

علم میں نہیں کہ ڈاکٹر عارف علوی کہاں ہیں؟ نذیر اللہ محسود ایڈووکیٹ

پاکستان تحریک انصاف ڈسٹرک ایسٹ کے جنرل سیکریٹری نذیر اللہ محسود ایڈووکیٹ نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ ہفتہ دس دن سے علم میں نہیں کہ ڈاکٹر عارف علوی کہاں ہیں، انکا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے اسلام آباد میں ہوں یا ہو سکتا ہے کہیں اور ہوں۔

نذیر اللہ محسود کہتے ہیں کہ عارف علوی کراچی میں ہونے والی پی ٹی آئی کی میٹنگز میں شامل ہوتے رہتے ہیں، وہ انصاف ہاؤس بھی آتے رہتے ہیں اور اس وقت تنظیمی معاملات میں ایکٹوو ہیں۔

بہت سے لوگ شیر افضل مروت سے بھی ناراض دکھائی دیتے ہیں

عارف علوی سے کارکنان کی ناراضگی کے سوال پر نذیر اللہ محسود نے کہا کہ بہت سے لوگ شیر افضل مروت سے بھی ناراض دکھائی دیتے ہیں، حلیم عادل شیخ سے بھی اور ڈاکٹر صاحب سے بھی لیکن وہیں بہت سارے لوگ ان سے محبت کا بھی اظہار کرتے ہیں یہ سیاست کا حصہ ہے چلتا رہے گا لیکن اسکا ہرگز مطلب نہیں کہ عارف علوی تنظیمی معاملات سے دور ہیں۔

عارف علوی پارٹی معاملات میں فعال ہیں، شجاعت علی خان

کراچی سے حلقہ این اے 43 کے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شجاعت علی خان کا کہنا ہے کہ عارف علوی پارٹی معاملات میں فعال ہیں جیسے صدر بننے سے پہلے تھے لیکن ایک آئینی عہدہ چھوڑنے کے بعد کھل کر سامنے نہیں آرہے۔

انکا کہنا تھا کہ عارف علوی ملک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی کی افطار پارٹیوں سے لیکر تمام پروگراموں میں مستقل شمولیت کرتے ہیں اور اس دوران کوئی اگر ان سے تلخ بات کر بھی جائے تو خندہ پیشانی سے اسکا جواب دیتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی اس وقت پنجاب میں ہیں

شجاعت علی خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی اس وقت پنجاب میں ہیں اور انکی شاہ محمود قریشی اور سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ سے ملاقات ہوئی ہے۔

عارف علوی ایک اعزازی شخصیت بن چکے ہیں

پی ٹی آئی سندھ کے اہم عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ سابق صدر عارف علوی جس طرح کے صدر تھے انہیں پارٹی میں بھی وہی مقام حاصل ہے انہوں نے مزید اس بات کی وضاحت کچھ اس طرح کی کہ عارف علوی ایک اعزازی شخصیت بن چکے ہیں کسی ایونٹ میں دعوت دی تو آجائیں گے ورنہ پارٹی معاملات میں انہیں بلایا جاتا ہے نہ وہ صدر بننے سے پہلے جیسی دلچسپی لے رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عارف علوی کے حوالے سے پارٹی حتمی فیصلہ عمران خان کے کسی فیصلے کے بعد ہی لے سکے گی انکا کہنا تھا کہ اس وقت عارف علوی شاید پارٹی معاملات سے اس لیے بھی دور ہوں کہ انہیں کچھ کارکنان کی جانب سے تنقید کا نشانہ کرنا پڑتا ہے۔

عارف علوی کو نجی محفلوں میں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کی حد تک اگر بات کی جائے تو نجی محفلوں میں جب جب وہ آئے ہیں انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن عارف علوی اس تنقید کا جواب خوش اسلوبی سے دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp