ایک ماہ میں کون کون سی چیزیں کتنی سستی ہوئیں؟

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ویسے تو ہر چیز کی قیمت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی رہتی ہے۔ کبھی ڈالر، کبھی مارکیٹ میں ڈیمانڈ سپلائی اور کبھی سیاسی عدم استحکام کے نام پر قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے تاہم ایک طویل عرصے بعد گاڑیوں، موبائل فون، سولر پینلز، مرغی کا گوشت، انڈے، گندم، آٹا، چاول، دالیں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان برقرار رہا ہے۔ اس ہفتے مہنگائی کی شرح میں ایک فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہو کر 24.37 فیصد کی شرح پر آگئی ہے جو کہ کئی ماہ بعد کم ہوئی ہے۔

 

گاڑیاں

گزشتہ ایک ماہ میں گاڑیاں مینوفیکچر کرنے والی مختلف کمپنیوں نے اپنی گاڑیوں کی قیمت میں بڑی کمی کی ہے۔

گاڑیوں کی قیمتوں میں 3 لاکھ روپے سے 15 لاکھ 13 ہزار روپے کی کمی کی گئی۔

کیا کمپنی نے اپنی گاڑی اسٹونک کی قیمت 62 لاکھ 80 ہزار سے کم کرکے 47 لاکھ 67 ہزار روپے کر دی اور اس طرح ایک ہی دن میں گاڑی کی قیمت میں 15 لاکھ 13 ہزار روپے کی کمی دیکھنے میں آئی۔

دیگر کمپنیوں چیری نے اپنی گاڑی ٹیگو 8 پرو ( Chery TIGGO 8 PRO)  کی قیمت میں 8 لاکھ 49 ہزار روپے، پیجو کمپنی نے اپنی گاڑی پیجو 2008 کی قیمت میں ساڑھے 3 لاکھ روپے اور سوزوکی کمپنی نے اپنی گاڑی سوئفٹ کی قیمت میں 7 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی کمی کی ہے۔

موبائل فون

موبائل فون کی قیمتوں میں بھی بڑی کمی واقع ہوئی۔ ایک ماہ میں چھوٹے موبائل کی قیمت میں 20 ہزار روپے تک کی کمی ہوئی ہے جبکہ بڑے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں 80 ہزار روپے تک کی کمی ہوئی ہے۔

موبائل فون ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمت میں مزید کمی بھی ہو سکتی ہے۔

گندم اور آٹا

ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ گندم باہر سے منگوائی بھی کی گئی تھی جبکہ گندم کے پیداواری سیزن کے باعث مزید گندم مارکیٹ میں آ چکی ہے۔

اب گندم کی قیمت میں 2 ہزار روپے فی من کی کمی ہو گئی ہے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے سے کم ہو کر 1900 روپے کا ہو گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے تندور پر ملنے والی روٹی اور نان کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

چاول اور دالیں

پاکستان میں چاول کی فصل تو تیار ہوتی ہے تاہم بیشتر دالیں امپورٹ کی جاتی ہیں۔

دالیں مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگوں نے دالوں کا استعمال کم کردیا تھا۔

اس وقت چاول کی قیمت 300 روپے فی کلو سے کم ہو کر 240 روپے فی کلو ہو گئی ہے جبکہ دالوں کی قیمت میں 60 روپے سے 100 روپے فی کلو تک کی کمی آئی ہے۔

سبزیاں

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں آلو کی قیمت میں 6.06 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.85 فیصد، اسی طرح ٹماٹر کی قیمت میں 22.05 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 7.71 فیصد کمی ہوئی ہے۔

مرغی اور انڈے

ملک بھر میں استعمال ہونے والی شیور مرغی اور انڈے مسلسل مہنگے ہوتے جا رہے تھے۔

سردیوں میں انڈوں کی قیمت 400 روپے فی درجن تک پہنچ گئی تھی جو کہ اب نیچے آکر 220 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔

دوسری جانب زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 10 دن قبل 450 روپے سے زائد تھی جوکہ اب کم ہو کر 340 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp