گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی پاکستانی تاریخ کا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، اس روز جو کچھ کیا گیا، ایسا کوئی دشمن بھی نہیں کرتا، اس لیے اس سانحہ کے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
جمعرات کو ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ کے دورے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج ہم جہاں موجود ہیں ایک سال پہلے یہاں پر جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ کی گئی تھی جو کہ انتہائی افسوسناک واقعہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں جو بھی ملوث ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے، جب تک اس ملک میں سزا جزا نہیں ہوگی یہاں کچھ ٹھیک نہیں ہوگا۔آج پوری قوم اس بات کا انتظار کررہی ہے کہ مجرموں کو کب سزا ہوگی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کی تمام ویڈیوز موجود ہیں اور سال بھر میڈیا پر بھی چلتی رہی ہیں۔ جلاؤ گھیراؤ لاہور کور کمانڈر ہاؤس میں ہو یا پشاور میں سب کسی کے کہنے پر ہوئے، جو کہتے ہیں کسی سے معافی نہیں مانگتے ان کو معافی مانگنی پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کبھی پولیس کو شہید کرتے ہیں کبھی پاک فوج کے جوانوں کو اور یہ لوگ کہتے ہیں ان کے ساتھ مزاکرات کریں، جو پاکستان کے قانون کو نہیں مانتا اس کے اداروں کو نہیں مانتا اس کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے حلقے میں جو کچھ ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے، صوبے میں کبھی جج اغوا ہوتا ہے تو کبھی کسٹم اہلکاروں پر حملے ہوتے ہیں، سب سے پہلے امن و امان ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج بھی ان کو کہتا ہوں کے وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے آئیں اور بیٹھ کر معاملات حل کریں، صوبہ مقروض ہے آپ نے سارا پیسہ بی آر ٹی پر لگا دیا، وزیر اعلیٰ سیاسی بات کریں لیکن آپ جس عہدے پر بیٹھے ہیں اس کا خیال رکھیں۔
گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے کہا کہ آپ اپنے بانی کو ایسے نہیں رہا کرا سکتے، اگر انہیں جیل سے نکالنا چاہتے ہیں تو عدالتیں موجود ہیں، میں صوبے کے مسائل پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں۔