خیبر پختونخوا حکومت کے انسداد منشیات قانون کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے لارجر بینچ کی تشکیل کی استدعا پر سپریم کورٹ نے معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو بھیجتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔
مزید پڑھیں
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کے دوران کیس سے متعلق عدالتی معاون بھی مقرر کردیا ہے، عدالتی کارروائی کے حکمنامے کے مطابق عدالت عظمیٰ کو اس کیس میں اپنی نوعیت کے پہلے سوال کا سامنا ہے۔
حکمنامے کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 184کی شق 1 کے تحت سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، جو وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے مابین تنازعہ پر سپریم کورٹ کے اختیار سماعت سے متعلق ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قانون سازی کے معاملے پر تنازعہ کو کیا 2 حکومتوں کے مابین تنازعہ کہا جاسکتا ہے، یہ سوال اپنی نوعیت کا پہلا معاملہ ہے، فوجداری قانون کی تعریف کیا ہوتی ہے؟ عدالتی کارروائی میں اس سوال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔