تحریک انصاف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا معافی کا مطالبہ مسترد کردیا

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پی ٹی آئی سے کیے گئے معافی مانگنے کے مطالبے کو مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق کور کمیٹی نے جمعے کو ہونے والے اجلاس میں کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ سیاسی جماعت کو ’انتشاری گروہ‘ قرار دے کر ’معافی‘ مانگنے کا ڈی جی آئی ایس پی آر کا مطالبہ متفقہ طور پر مسترد کردیا۔

کورکمیٹی کی جانب سے 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت کے خلاف ریاستی وسائل سے برپا کیا گیا جھوٹا، زہریلا، گمراہ کن اور بے بنیاد پراپیگنڈا بھی مسترد کیا۔

’ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس تضادات کا مجموعہ تھی‘

ترجمان نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس غیرآئینی، غیرقانونی، اختیارات سے تجاوز اور تضادات کا مجموعہ اور افواجِ پاکستان کی ساکھ اور آئینی کردار کے لیے نہایت منفی اثرات کی حامل تھی۔

کو کمیٹی نے کہا کہ پارٹی خصوصاً بانی چیئرمین عمران خان نے تسلسل سے 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کی مذمت کی اور جلاؤ گھیراؤ، نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل سمیت پرتشدد واقعات کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اجلاس نے 9 مئی 2023 کے فالس فلیگ آپریشن کے خلاف ملک گیر پرامن احتجاج کو ننگے ریاستی جبر و فسطائیت سے کچلنے اور بنیادی سیاسی حقوق غصب کرنے کی انتظامی کوششوں اور چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی، تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان کے گھروں کے غیرقانونی محاصرے اور پرامن مظاہرین پر تشدد کی بھی شدید مذمت  کی۔

کورکمیٹی کی جانب سے 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کی آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کے اصولی مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔

انوارالحق کاکڑ کے بیان کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

ترجمان کے مطابق اجلاس میں 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد عوامی مینڈیٹ پر ڈالے گئے ڈاکے اور سابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے بیان کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا گیا۔

کورکمیٹی کی جانب سے پنجاب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے انتخابی ٹریبیونلز کے لیے ججز کی نامزدگیوں کے عمل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت  کرتے ہوئے آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے دستوری فریضے کی انجام دہی میں ناکام الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل میں پیہم مداخلت مجرمانہ اور یکسر کو ناقابل قبول قرار  دیا گیا۔

گوادر میں بیگناہوں کے قتل پر افسوس کا اظہار

ترجمان نے کہا کہ کورکمیٹی اراکین نے گوادر میں بے گناہ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی و یکجہتی کے اظہار کے ساتھ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور سیکیورٹی اداروں سے سیاست میں مداخلت چھوڑ کر شہریوں کی سلامتی کے فرض کی ادائیگی پر توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp