آئرلینڈ نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان 3 ٹی۔20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آئر لینڈ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کپتان بابر اعظم کی 43 گیندوں پر 57 اور صائم ایوب کی 29 گیندوں پر 45 رنز کی بدولت پاکستان آئرلینڈ کو 6 وکٹوں کے نقصان پر 183رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا تاہم آئر لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.5 اوورز میں پورا کر لیا۔

 افتخار احمد نے 15 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 37 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت پاکستان نے ڈبلن کے کلونٹارف کرکٹ کلب گراؤنڈ میں شاندار کھیل تو پیش کیا لیکن آئرلینڈ کے اینڈی بالبرنی کے شاندار 77 رنز نے قومی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 4 اوورز میں 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

آئرلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ14  کے مجموعی اسکور پر گری جب پال سٹرلنگ8 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دوسری وکٹ 27 کے مجموعی اسکور پر گری جب لورکن ٹکر4 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تیسری وکٹ 104 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہیری ٹییکٹر 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ 143 کے مجموعی اسکور پر گری جب جارج ڈوکریل 24 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

آئرلینڈ کی پانچویں وکٹ167 کے مجموعی اسکور پر گری جب اینڈی بلبیرنی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، اینڈی بلبیرنی نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 77 رنز اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

گاریتھ دلنے نے 10 اور کورٹس کیمفر نے 15 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، آئرلینڈ نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر میچ جیت لیا۔

پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے 2 ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ڈبلن میں کھیلے گئے پہلے ٹی۔20 میچ میں آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا میچ 12  جب کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 مئی کو ڈبلن میں ہی کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp