سندھ کے دیگر شہروں اور بیرون صوبوں سے آنے والے مسافروں کو دھوکا دہی سے لوٹنے والا رکشا گینگ گرفتار۔
پریڈی پولیس نے مین ریگل چوک پر انٹیلیجنس بیس کارروائی کرتے ہوئے رکشا گینگ کے سرغنہ خیر علی عرف خیرو ولد زین الدین کو ساتھی رفیق ولد واحد بخش سمیت گرفتار کرلیا۔ جبکہ ملزمان کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مزید پڑھیں
گرفتار ملزمان سندھ کے دیگر شہروں اور دوسرے صوبوں سے آنے والے مسافروں اور سادہ لوح شہریوں کو رکشے میں بٹھا کر بہت مہارت سے ان کی جیب تراش لیتے تھے، یوں ملزمان شہریوں کو چند سیکنڈوں میں ان کے قیمتی سامان پیسے اور موبائل فون وغیرہ سے محروم کردیتے تھے۔
بیرون شہر سے آنے والا نشانہ بنتے ہیں
ملزمان نے مزید انکشاف کیا کے وہ رکشے میں شہر کے مختلف بس اڈوں سہراب گوٹھ بس اڈہ، تاج کمپلیکس بس اڈہ، شالیمار بس اڈہ، کینٹ بس اڈہ،بنارس بس اڈے پر اندرون سندھ سے آنے والے مسافر اور دیگر صوبوں سے آنے والے مسافروں کو دھوکا دہی سے رکشے میں بٹھا کر ان کی جیب تراش لیتے ہیں۔
ملزمان کے گینگ کے ساتھی اندرون شہر میں چلنے والی مسافر بسوں بھی جیب تراشی کام کرتے ہیں۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ عرصہ 5 سال سے یہ کام کررہے ہیں۔
ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے مزید ساتھی شہر کے مختلف علاقوں میں بسوں اور رکشوں میں مسافروں کے جیب تراشتے ہیں۔
گینگ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا
گرفتار ملزمان کا گینگ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، جن کو پریڈی پولیس نے نہایت حکمت عملی سے انٹیلیجنس بیس کاروائی کر کے گرفتار کیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں۔ ملزمان پہلے بھی کئی مقدمات میں جیل جاچکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔