دنیا کا طویل اور مختصر روزہ کہاں رکھا جائے گا؟

منگل 21 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہرین کی اکثریت کا خیال ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ جمعرات 23 مارچ کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سال پوری دنیا کے اکثر ملکوں میں 23 مارچ کو پہلا روزہ ہوسکتا ہے۔

روزے کے اوقات ہر ملک کے جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے دنیا کے مختلف ممالک سے مختلف ہوتے ہیں ۔ امسال رمضان المبارک1444 ہجری ( 2023) میں دنیا  میں سب سے کم دورانیہ کے  روزے  جنوب میں واقع ممالک میں ہوں گے جبکہ طویل ترین روزے شمال کے دور دراز ممالک میں ہوں گے۔

پاکستان میں جمعرات 23 مارچ کو روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 59 منٹ ہوگا۔ یہ پاکستان میں رمضان المبارک کا سب سے مختصر دن ہے۔ یہ بات آپ جانتے ہی ہیں کہ پورے مہینے میں روزے کے اوقات میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے اور ماہ مقدس کا طویل ترین روزہ آخری روز ہو گا۔ ہر ملک میں روزہ کا دورانیہ مختلف ہوتا ہے تاہم دنیا بھر میں پہلا روزہ مختصر ترین اور آخری روزہ طویل ترین ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش قاہرہ کے مقامی وقت کے مطابق 29 شعبان 1444 ہجری یا 21 مارچ 2023 منگل کے روز شام 7 بج کر 24 منٹ پر ہو رہی ہے۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ فلکیاتی اعتبار سے رمضان المبارک کا پہلا دن 23مارچ 2023  بروز جمعرات ہوگا۔

پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی 22 مارچ کو چاند دیکھنے کے لیے پہلا اجلاس منعقد کرے گی۔ زیادہ امکان یہی ہے کہ 23 مارچ کو پہلا روزہ  ہوگا تاہم بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یکم رمضان جمعہ 24 مارچ کو بھی ہوسکتی ہے۔

دنیا میں طویل اور مختصر روزہ کن ممالک میں ہوگا؟

رمضان المبارک 2023 کے دوران دنیا میں سب سے طویل روزہ گرین لینڈ میں ہوگا، جو تقریباً 20 گھنٹے کا روزہ ہوگا، جب کہ دنیا میں سب سے کم دورانیہ کا روزہ جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ میں ہوگا، جو تقریباً 11 گھنٹے 12 منٹ طویل ہوگا۔

عرب خطے میں طویل ترین اور مختصر ترین روزہ کہاں؟

عرب دنیا میں سب سے طویل روزہ تیونس میں ہوگا جو 15 گھنٹے 45 منٹ کا ہوگا، جب کہ  سب سے کم وقت کا روزہ کاموروس میں ہوگا جو تقریباً 12 گھنٹے 37 منٹ کا ہوگا۔

رمضان المبارک ہر سال مختلف تاریخوں میں کیوں شروع ہوتا ہے؟

رمضان ہر سال گزشتہ عیسوی سال کی نسبت 10 سے 12 دن پہلے شروع ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلامی کیلنڈر قمری ہجری کیلنڈر پر مبنی ہے جس میں مہینے کی طوالت 29 یا 30 دن ہوتی ہے۔ اس سال، نئے چاند کی رویت کے لحاظ سے مکہ میں پہلا روزہ ممکنہ طور پر 23 مارچ جمعرات کو ہوگا۔ چونکہ قمری سال شمسی سال سے 11 دن چھوٹا ہے، اس لیے رمضان المبارک سال 2030 میں دو مرتبہ منایا جائے گا – پہلے رمضان 5 جنوری سے شروع ہوگا اور پھر اسی سال 25 دسمبر سے رمضان شروع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp