صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کو 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پہنچنے پر مبارکباد دی ہے جب کہ پنجاب حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے جب کہ میئر کراچی نے فی کھلاڑی ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے مبارک باد دی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے فائنل سمیت پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا، جس پر قومی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کا ایک بڑے عرصے بعد بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے، قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اُمید ہے پاکستانی ہاکی ٹیم مستقبل میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی جیت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور لکھا کہ 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پہچنے پرقومی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
🎉 Heartiest congratulations to our National Hockey Team 🏑for making it to the finals of the Sultan Azlan Shah Hockey Tournament after 13 long years!
Looking forward to today's match! Best of luck
The renewed interest for hockey, our national game, throughout Pakistan…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 11, 2024
ادھر وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے بھی سلطان اذلان شاہ کپ میں قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے
سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں فیصل کھوکھر نے عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو سرہاتے ہوئے ان کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
ویلڈن قومی ہاکی ٹیم!
ذرہ نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے!
جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے آپ نے سالوں بعد ازلان شاہ کپ کے فائنل میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے آپ کی بہترین پرفارمنس پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔
قوم کی جانب سے… pic.twitter.com/kwoZaWcCza
— Faisal Saif Khokhar (@FaisalAKhokhar) May 11, 2024
پنجاب کے وزیر کھیل نے لکھا کہ قومی جوش و جذبے، ولولے اور محنت سے قومی ٹیم نے اذلان شاہ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، قومی ٹیم نے فائنل میں بھی شاندار کھیل پیش کیا۔
فیصل کھوکھر نے لکھا کہ قومی ٹیم ایک بار پھر عالمی افق پر قومی پرچم کو بلند کیا ہے، حکومت پنجاب ملک کے اس قومی کھیل کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرےگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نا قابل شکست ٹھہری تاہم فائنل میچ میں جاپان سے پنالٹی شوٹ آؤٹ کے دوران 4-1 سے ہار گئی۔
میئر کراچی کا ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کا اعلان
ادھر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ کر اپنے ملک کا نام روشن کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے۔ شہر قائد کے دروازے ہمیشہ قومی ہاکی ٹیم کے لیے کھلے ہیں۔ سندھ حکومت اپنے قومی کھیل کی بہتری کے لیے اچھے اقدامات کر رہی ہے۔