پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے، پاکستان نے آئرلینڈ کا 194 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16.5 اوورز میں مکمل کر لیا۔ پاکستان کی جیت میں محمد رضوان اور فخرزمان نے اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں
آئرلینڈ کے 193 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 6 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہو کر پولین لوٹ گئے، دوسری وکٹ 13 کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب 6 رنز پر مارک ایڈیئر کی گیند پر کرٹس کیمفر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 153 کےمجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان شاندار اننگز کھیلنے کے بعد بین وائٹ کی گیند پر گیرتھ ڈیلانی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، فخر زمان نے انتہائی جارحانہ کھیلتے ہوئے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 78 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جیت میں سب سے اہم کردار محمد رضوان نے ادا کیا، محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ وکٹ کیپر محمد اعظم خان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا، انہوں نے 10 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلا دی۔
آئر لینڈ کی جانب سے مارک ادیئر، گراہم ہیوم اور بین وائٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرے ٹی 20 میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم آئرلینڈ نے پاکستان کو مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز کا ہدف دیا۔
آئرلیند کی پہلی وکٹ29 کے مجموعی اسکور پر گری جب پال سٹرلنگ 11 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد عامر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 34 کے مجموعی اسکور پر گری جب پہلے میچ کے ہیرواینڈی بالبرنی 16 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ہی فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
آئر لینڈ کی تیسری وکٹ 96 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہیری ٹییکٹر 32 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 137 کے مجموعی اسکور پر گری جب کرٹس کیمفرکو 22 رنز پر محمد عامر نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔
آئرلینڈ کی پانچویں وکٹ 154 کے مجموعی اسکور پر گری جب جارج ڈوکر 15 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چھٹی وکٹ 154 کے مجموعی اسکور پر گری جب لورکین ٹکر51 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد عباس آفریدی کی گیند شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
آئرلینڈ کی ساتویں وکٹ 165 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارک ادیئر کو شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز پر کلین بولڈ کر دیا۔ آئر لینڈ کی جانب سے گاریتھ دلانے نے 28 اور گراہم ہومے نے 2 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عباس آفریدی نے 2 ، محمد عامراور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا کلونٹارف میں کھیلا جانے والا دوسرا میچ بارش کی وجہ سے کچھ دیر تاخیر کا شکار ہو گیا تھا، تاہم اب پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو کلونٹارف کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا تھا جو بارش کی وجہ سے کچھ دیرتاخیر کا شکار ہو گیا، ٹاس 7 بج کر 20 منٹ پر ہوا تو پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کو دورہ آئرلینڈ کے پہلے ٹی20 میچ میں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کے میچ جیتنے کے بعد اب سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے، بابر اعظم کی قیادت والی ٹیم کے لیے غلطی کی کوئی گنجائش باقی نہیں تھی کیونکہ اگر اتوار کو شکست ہو جاتی تو پاکستان ٹی 20 سیریز بھی ہار جاتا۔
پہلے ٹی20 میچ میں خراب کارکردگی کے بعد شاداب خان کی جگہ محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا کیونکہ آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں شامل شاداب خان کوئی بھی رن بنانے میں ناکام رہے جب کہ بولنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 54 رنز دے دیے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابراعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی، محمد عامرشامل ہیں۔
آئرلینڈ کی پلیئنگ الیون میں پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈیر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلانی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر (ڈبلیو کے)، بین وائٹ، کریگ ینگ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز مکمل کرنے کے بعد پاکستان انگلینڈ کا دورہ کرے گا اور وہاں 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا جو 30 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔
دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگا جہاں اسے روایتی حریف بھارت، کینیڈا، امریکا اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ اب پاکستان سیریز کا آخری میچ 14 مئی کو اسی گراؤنڈ کلنٹارف میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔