لاکھوں روپے فی کلو آم، پاکستان میں یہ خاص فصل کہاں کاشت ہورہی ہے؟

اتوار 12 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موسم گرما اپنے جوبن پر ہے، پھلوں کا بادشاہ آم بھی پک کر تیار ہو چکا ہے، اب پاکستان میں بھی وہ آم دستیاب ہے جس کی قیمت چند سو روپے نہیں بلکہ لاکھوں روپے ہے، دُنیا کے اس مہنگے ترین آم کی کاشت اب کراچی میں بھی شروع کر دی گئی ہے۔

پاکستان کے مشہورچونسا، سندھڑی، لنگڑا، دوسیری، انور راٹھورذائقے میں اپنی مثال آپ ہیں، لیکن اب کراچی میں وہ آم بھی دستیاب ہے جو اس سے قبل صرف جاپان میں کاشت ہوتا تھا، جاپانی آم ’ میازاکی‘ کی پہلی بار کاشت پاکستان میں شروع کر دی گئی ہے۔

کراچی میں ’میازاکی‘ آم کی کاشت کا آغاز کرنے والے کسان نے بتایا کہ یوں تو آموں کا رنگ پیلا ہوتا ہے لیکن ’میازاکی‘ ذائقے کے علاوہ رنگت میں بھی مختلف ہے، سرخ و جامنی رنگ کا یہ آم ذائقے میں تو اپنی مثال آپ ہے۔ جو بھی کھاتا ہے وہ کہتا ہے یہ تو چیز ہی الگ ہے۔

کراچی میں ’میازاکی‘ کی کاشت آزمائشی بنیادوں پر شروع کی گئی لیکن اب اس میں کامیابی کے بعد یقیناً ملک بھر میں اس کی کاشت کا آغاز کیا جائے گا۔

’میازاکی‘ اپنی منفرد رنگت، ذائقے اور قیمت کی وجہ سے مشہور ہے، کراچی کے کسان نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں اس آم کی فی کلو قیمت 8 سو سے 9 سو امریکی ڈالر ہے جو پاکستان روپوں میں اڑھائی لاکھ سے 3 لاکھ روپے ہے۔

آم کی کاشت کرنے والے کسان کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے ملیر کی زمین خدا کی طرف سے دیا گیا بڑا تحفہ ہے، یہاں جو بھی چیز اُگائی جاتی ہے اس کا پھل آ جاتا ہے۔

واضح رہے کہ جاپانی شہر ’میازاکی‘ میں اس آم کی سب سے زیادہ کاشت کی جاتی ہے، یہاں سے یہ دُنیا بھر میں برآمد بھی کیا جاتا ہے، آم کو اگر پھلوں کا بادشاہ کا کہا جاتا ہے تو ’میازاکی‘ پھلوں کا شہنشاہ ہے، باقی آموں کی طرح اسے بھی برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل دنیا کے اس مہنگے ترین آم جسے جاپانی زبان میں’ہوگوکِن نو تایئو‘ بھی کہتے ہیں، صرف جاپان میں کاشت کیا جارہا تھا،2014 میں یہاں کا ایک آم 400 ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

ہیرویوکی نامی جاپانی کسان کی جانب سے کاشت کیا گیا ’میازاکی‘ دیگرعام آموں سے صرف قیمت میں ہی نہیں بلکہ کئی اور پہلوؤں میں بھی مختلف ہے۔ ’میازاکی‘ آم کی ایک اور منفرد بات یہ ہے کہ اس کا اوسط وزن 350 گرام  ہے جو 900 گرام تک  بھی بڑھ سکتا ہے، یہ دوسرے آموں کے اوسط وزن سے کئی زیادہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp