نریندر مودی کیمرے کے سامنے رو پڑے، ’راہول گاندھی کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی‘

منگل 14 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نِت نئے طریقے اختیار کرتے ہیں، کبھی پاکستان کے خلاف کوئی بیان دیتے ہیں، کبھی سمندر کی گہرائی میں پہنچ جاتے ہیں تو کبھی اپنی اینیمیٹڈ ویڈیو پر تبصرے کرکے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب ہو ہی جاتے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ سب کچھ کیمرے کے لیے اور اس کے حساب سے ہی کرتے ہیں۔

ان کی ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیو پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں کیمرے کے سامنے روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ چند صارفین کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ایسا کر رہے ہیں تو کئی صارفین کو بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کی یاد آئی جنہوں نے چند دن قبل ہی دعویٰ کیا تھا کہ نریندر مودی چند دنوں میں اسٹیج پر تقریر کے دوران رونے لگیں گے۔

انکت نامی صارف نے لکھا کہ نریندر مودی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے کیمرے کے سامنے رو پڑے، انہوں نے مزید لکھا کہ راہول گاندھی نے صرف ایک ہفتہ قبل ہی اس کی پیشگوئی کی تھی اور مودی نے انہیں درست ثابت کر دیا۔

ایک صارف نے نریندر مودی کی روتے ہوئے اور راہول گاندھی کی رونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی اور طنزاً لکھا کہ مودی کی پیشگوئی کرنے کے لیے آپ کو نجومی بننے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ راہول گاندی بھی ہو سکتے ہیں۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ راہول گاندھی نے کہا تھا کہ مودی رونا شروع کر دیں گے اور مودی نے ایسا ہی کیا وہ دوسری بار کیمرے کے سامنے آکر رونے لگ گئے۔

وکرم ادیتیا لکھتے ہیں کہ میں نے مودی سے بہتر اداکار کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے طنزاً لکھا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ انہیں سیاست کا انتخاب کرنا پڑا اگر وہ اداکاری کرتے تو اب تک کم از کم 20 آسکر جیت چکے ہوتے۔

ایک صارف نے لکھا کہ راہول گاندھی ہمیشہ درست کہتے ہیں، انہوں نے یہ پیشگوئی کی تھی اور مودی کمیرے کے سامنے رو پڑے۔

واضح رہے کہ 13 مئی سے شروع ہونے والے بھارت کے عام انتخابات چوتھے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، اس مرحلے میں بھارتی شہری پارلیمنٹ کے 96 اراکین کو منتخب کرنے کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے پہلے تین مرحلوں میں 284 ممبران پارلیمنٹ کی قسمت کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

اب تک تمل ناڈو، کیرالہ، میگھالیہ، آسام، منی پور، کرناٹک، میزورم، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، اتراکھنڈ، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، راجستھان، سکم، تریپورہ سمیت دیگر حلقوں میں ووٹنگ ختم ہو چکی ہے۔ پانچواں مرحلہ 20 مئی اور چھٹا مرحلہ 25 مئی کو شروع ہوگا، جبکہ آخری اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو شروع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp