وزیراعظم شہباز شریف کا آزادکشمیر کا دورہ کرنے کا اعلان

منگل 14 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران جانوں کے ضیاع کا دکھ ہے۔ چند روز میں خود مظفرآباد جاکر معاملات کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کروں گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کچھ لوگ احتجاجی تحریک کی آڑ میں امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔

شہباز شریف نے کہاکہ اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں تحریک اب ختم ہوچکی ہے۔ تاہم آزاد کشمیر کے لوگوں کی احتجاجی تحریک سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ عوام کی باتوں کو غور سے سننا اور سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم آزادکشیر سمیت تمام زعما کا شکر گزار ہوں جو اس اہم معاملے پر بلائی گئی میٹنگ میں کل شریک ہوئے اور اپنی اپنی تجاویز دیں جس کے بعد ہم نے معاملات کو حل کیا۔

وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران جاں بحق ہونے والے سب انسپکٹر اور 3 سول افراد کے درجات بلندی کے لیے دعا بھی کرائی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے عوام کے لیے 23 ارب روپے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آزاد حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp