بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر سمندری امور قیصر احمد شیخ اور سیکریٹری پاور سمیت وفاق اور صوبے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبہ بلوچستان میں شمسی توانائی کے ذریعے ٹیوب ویلز کی تنصیب اور بلوچستان میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلاً بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچستان میں بجلی کی قلت کی وجہ سے کسانوں کو زراعت اور کھیتی باڑی کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بجلی کی ترسیل اور فراہمی میں بہتری لانا زراعت کے شعبے کے لیے ناگزیر ہے، نا کافی بجلی اور لوڈ شیڈنگ سے زراعت کے شعبے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ بلوچستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل ذرائع اختیار کرنا صوبے کے عوام کی سب سے اہم ضرورت ہے، جبکہ شمسی توانائی کا حصول اور سولر ٹیوب ویل زراعت کے شعبے میں بہتری لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بجلی کی چوری روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ ہماری حکومت بجلی چوری کو روکنے کے لیے اقدامات یقینی بنائے گی۔
بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہم پُرعزم ہیں، احسن اقبال
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل میں تیزی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاور ڈویژن اور صوبائی حکومت کو بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے اور اس پر عملدرآمد کے لیے جامع روڈ میپ اور حکمت عملی مرتب کرکے جلد پیش کرنے کی ہدایات دیں۔
احسن اقبال نے اجلاس میں صوبائی حکومت کو عوام میں بجلی چوری کے لیے آگاہی مہم چلائے جانے کی ہدایات دیں۔
بلوں کی ادائیگی کرنے والوں کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں کی جاسکتی
انہوں نے کہاکہ آگاہی مہم کے ذریعے یہ بات سمجھائی جائے کہ بلوں کی ادائیگی کرنے والوں کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں کی جاسکتی۔ بلکہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی بجلی کی پیداوار اور ترسیل میں تعطل کا باعث بنتی ہیں۔ ملک میں بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی لوڈ شیڈنگ کا بڑا سبب ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بجلی چوروں کے خلاف قانونی اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔
دوران اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بلوچستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔