کے پی کے ہاؤس میں گورنر کے داخلے پر پابندی کابینہ کے فیصلے کے مطابق لگائی، فیصل امین گنڈاپور

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی اور ممبر قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پر کے پی کے ہاؤس اسلام آباد میں داخلے پر پابندی صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق لگائی گئی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے تمام اثاثوں کی ملکیت رکھتی ہے اور ان اثاثوں سے متعلق کابینہ ہی فیصلہ کرتی ہے، کے پی کے ہاؤس میں گورنر کے ایک یا 2 کمرے ہیں، جب تک کابینہ یہ پابندی نہیں ہٹاتی، یہ پابندی برقرار رہے گی۔

فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، گورنر کو غلط فہمی ہے کہ ان کے پاس بہت زیادہ طاقت ہے، گورنر ایک نوٹیفیکیشن کی بنیاد پر تعینات ہوئے جبکہ علی امین گنڈاپور کے پاس عوام اور عمران خان کا میڈیٹ ہے۔

فیصل امین گنڈا پور

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کے پی کے ہاؤس اسلام آباد میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی انیکسی کو بند کردیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے گورنر کی رہائش گاہ اپنی تحویل میں لے کر وہاں سے ان  کا سامان بھی نکال دیا گیا ہے۔

ترجمان پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کے پی کے ہاؤس میں گورنر کے لیے مختص بلاک ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا تھا، خیبرپختونخوا کابینہ میں وزرا اور ارکان اسمبلی کے لیے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا، گورنر انیکسی اب ارکان صوبائی اسمبلی اور وزرا استعمال کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp