آج رات تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ورنہ بجلی کا سسٹم ٹیک اوور کرلوں گا، علی امین گنڈاپور کی وفاقی حکومت کو وارننگ

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے آج رات تک شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈلائن دیدی۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں وفاقی وزیر توانائی اور وفاقی حکومت کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ ہم کمزور نہیں، اگر کل تک لوڈشیڈنگ کا معاملہ ٹھیک نہ ہوا تو میں بجلی کا سارا سسٹم ٹیک اوور کرلوں گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں جاری ظالمانہ لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لیے بار بار بات کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے، میں مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے کی بات کرتا ہوں لیکن آپ شرافت کی زبان کو کمزوری سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں واضح پیغام دیتا ہوں کہ اگر آج رات تک لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لیے شیڈول جاری نہ ہوا اور لوڈ شیڈنگ میں 5 سے 6 گھنٹے کی کمی نہ آئی تو کل میں چیف پیسکو کے دفتر جاکر خود شیڈول جاری کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کے بعد بجلی آن آف کرنے کا بٹن صوبے کے لوگوں کے ہاتھ میں آئے گا، پھر میں دیکھتا ہوں کہ آپ لوگ میرا حق کیسے نہیں دیتے، میں اپنا حق لینا جانتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پیسکو چیف اگر صوبے میں رہے گا تو میرے شیڈول کے مطابق چلے گا۔ ’میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ صوبے کے واجبات میں سے کٹوتی کرکے میرے لوگوں کو چور کہنے کے بجائے انہیں ریلیف دیا جائے‘۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سستی بجلی دے رہے ہیں اور مہنگی خریدنے پر مجبور ہیں، مینڈیٹ چوری کرکے اقتدار میں بیٹھنے والے لوگ میرے صوبے کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔

انہوں نے وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ میرے صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور میرے لوگوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں، اگر میرے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالیں گے تو میں آپ کو آرام سے بیٹھنے نہیں دوں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp