وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیرکے دارالحکومت مظفرآباد پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کی کابینہ سے خطاب بھی کریں گے۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم شہباز شریف آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق سمیت جموں و کشمیر کے حریت رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، اس کےعلاوہ انہیں آزادکشمیر میں حال ہی میں ہونے والے احتجاج سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وزیر اعظم نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں منصوبے سےمتعلق بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ سے خطاب پی ٹی وی نیوز نشر کرے گا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور آٹے کی فراہمی کے لیے 3 روزہ احتجاج اور ہڑتال کے دوران مشتعل مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کردی تھی، پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 90 دیگر شہری زخمی ہو گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے عوام کے لیے 23 ارب روپے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آزاد حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
گزشتہ منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چند روز میں وہ خود مظفرآباد جاکر معاملات کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کچھ لوگ احتجاجی تحریک کی آڑ میں امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔