چین کیجانب سے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم

جمعرات 16 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کے وزیرخارجہ لان فوآن سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک چین دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کے روز وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خزانہ لان فوآن سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو سراہا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان ’آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘ کا مظہر قرار دیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے بزنس ٹو بزنس روابط کے پیش نظر مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے مالی استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں چین کی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی وزیر خزانہ لان فوآن نے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے گورننس، ریونیو اور کاروبار کرنے میں آسانی پر حکومت پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چین سے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ ترجیح پر بھی زور دیا، انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے جن ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی، ان میں زراعت، آئی ٹی، معدینات کی کانیں اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں۔

اسحاق ڈار کے ایگزم بینک کے چیئرمین ووفلن سے ملاقات

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کے ایگزم بینک کے چیئرمین ووفلن سے  بھی ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایگزم بینک کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون اور پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری میں دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مالیاتی اور اقتصادی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور کاروبار دوست پالیسیوں کا خاکہ پیش کیا، نائب وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی تجدید کی اور خاص طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

سینیٹراسحاق ڈار نے سی پیک کے تحت پاکستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایگزم بینک کی بھرپور حمایت کو سراہا اور بینک کو قابل تجدید توانائی، زراعت، صنعت کاری اور صنعتی شعبوں میں فنانسنگ کے نئے منصوبوں کی تلاش کی دعوت دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp